ورلڈ اسکواش کی بھارت کو پاکستانی ٹیم کے ویزے جاری کرنے کی ہدایت

ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کی ہدایت کر دی


Sports Reporter June 30, 2018
ورلڈ اسکواش کی بھارت کو پاکستانی ٹیم کے ویزے جاری کرنے کی ہدایت فوٹو: فائل

بھارتی ہٹ دھرمی پر پاکستان کا احتجاج رنگ لے آیا ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ جونیئر اسکواش انفرادی اور ٹیم چیمپئن شپ شیڈول کے مطابق 18سے23 جولائی تک بھارت کے شہر چنائی میں شیڈول ہے، جس کے لیے پاکستان اسکواش فیڈریش نے3 آفیشلز اور6 کھلاڑیوں کے ویزوں کیلیے بھارتی ہائی کمیشن کو بروقت درخواست دی اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن، ایشین اسکواش فیڈریشن کو بھی آگاہ کیا۔

تاہم 35 دنوں میں ویزہ جاری کرنے کا دعویٰ کرنے والے بھارتی سفارتخانے نے 2 ماہ بعد 20 جون کو بغیر کوئی وجہ بتائے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تمام پاسپورٹ واپس کرتے ہوئے ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا۔ جس پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ورلڈ اسکواش باڈی کو معاملے سے آگاہ کیا۔ ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے بھارت کو ہدایت کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو فی الفور ویزے جاری کیے جائیں۔