کراچی میں قتل و غارت جاری نیوی اہلکار سمیت11افراد ہلاک

کھارادرمیں نیوی کے اہلکارسمیت2،منگھو پیرمیں2،اورنگی میں2افرادکونشانہ بنایاگیا،جیکسن میں فائرنگ سے ایک شخص ماراگیا


Staff Reporter May 02, 2013
خواجہ اجمیرنگری اورماڑی پورٹرک اڈے پر2ہلاک،لسبیلہ پل اورسرجانی سے2لاشیں ملیں،دیگرواقعات میں پولیس اہلکارسمیت 12زخمی ۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پاکستان نیوی کے اہلکار سمیت مزید11افرادہلاک اور12زخمی ہوگئے جن میں پولیس اہلکاربھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق کھارادرکے علاقے باکڑاہوٹل پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے29سالہ زاہداقبال ہلاک ہوگیا۔مقتول پاکستان نیوی کااہلکاراوراس کی پوسٹنگ ڈاکیارڈمیں تھی،وہ وہاں کسی کام سے آیاتھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔کھارادرکے ہی علاقے برتن گلی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے22 سالہ وقاص ہلاک ہوگیا۔

مقتول سالارکمپائونڈ نیپئرکارہائشی تھا اورمنگل کی رات کو گھرنہیں پہنچا،مقتول کھارادرمیں واقع آٹو پارٹس کی دکان پر کام کرتا تھا۔ منگھوپیر کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد 45 سالہ چمن اور 40 سالہ حفیظ اللہ ہلاک ہوگئے ،مقتولین سلطان آباد 3 نمبر پر واقع چٹارگو اسکول کے چوکیدار تھے، مذکورہ اسکول جرمنی کی امداد سے چلتا ہے جس کی انتظامیہ کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے اسکول بند کرنے کے لیے دھمکیاں دی جارہی تھیں۔اورنگی ٹائون کے علاقے ایم پی آر کالونی میں نامعلوم افراد کی گوشت کی دکان پرفائرنگ سے 25 سالہ وقاص ہلاک ہوگیا ۔

جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر 45 سالہ حاجی حسن علی بھی ہلاک ہوگیا۔جیکسن کے علاقے گلشن سکندر آباد کیماڑی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے25 سالہ زاہدہلاک ہوگیا،مقتول منشیات کا عادی اور علاقے کا رہائشی تھا ، مقتول کو اس کے ساتھیوں نے ہی کسی تنازع پر ہلاک کیا۔خواجہ اجمیر نگری کے علاقے سیکٹر 5-B/2 نئی روشنی اسکول کے قریب تھلے پربیٹھے ہوئے افراد پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔



جس کے نتیجے میں 40 سالہ احمدندیم ہلاک جبکہ 35 سالہ سردار زخمی ہوگیا،مقتول کا سائیکل پنکچر کا کیبن تھا اور اس کے عقب میں واقع ایک تھلے پر وہ دیگر افراد کے ہمراہ بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا،مقتول کو جسم پر 3 گولیاں لگی تھیں جبکہ واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیا گیاہے،مقتول پیپلز پارٹی کا سابقہ کارکن بتایاجاتا ہے۔

ماڑی پورنیو ٹرک اڈے کے قریب سپرایشیا ہوٹل پر فائرنگ سے 32 سالہ عمران ہلاک ہوگیا،مقتول ہوٹل کا ویٹر تھا۔لسبیلہ پل کے نیچے لیاری ندی کے قریب سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے لیاری ایکسپریس وے تیسر ٹاؤن کی جھاڑیوں سے 18 سالہ نامعلوم شخص کی 5 دن پرانی تشدد زدہ لاش ملی،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔پرانا حاجی کیمپ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ محمد وارث،نیو کراچی ایوب گوٹھ انڈسٹریل ایریا میں میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 22 سالہ احمد شاہ اور 25 سالہ سلیم زخمی ہوگئے ، بلوچ کالونی پل پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکشا ڈرائیورزخمی ہوگیا۔

رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کھارادرکے علاقے بمبئی بازارمیں موٹرسائیکلوں پرسوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے6 افرادنوید،یاسین،سمیر،وصی اورسلیم زخمی ہوگئے،اسپتال انتظامیہ کے مطابق2افرادکی حالت تشویشناک ہے۔لانڈھی 89 میں جھگڑے کے دوران پولیس اہلکارمیرمحمد خان زخمی ہوگیا،زخمی اہلکارایس ایس پی ساؤتھ ناصرآفتاب کاگن مین ہے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر 11-G میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے 2 افراد 28 سالہ احمد اور 26 سالہ دانیال کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جنھیں رات گئے فوری طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا، واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ پولیس ڈکیتی مزاحمت کر شاخسانہ قرار دے رہی۔