اکشے کمار کا فلم ’ ٹوائلٹ ‘ کا سیکوئل بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 1 جولائی 2018
مشن ’ٹوائلٹ ٹو‘ بدلے گا پورا ہندوستان، اکشے کمار کی ٹوئٹ، فوٹو: فائل

مشن ’ٹوائلٹ ٹو‘ بدلے گا پورا ہندوستان، اکشے کمار کی ٹوئٹ، فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے سماجی مسائل پر بننے والی فلم’ ٹوئلٹ ایک پریم کتھا ‘ کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا۔

بھارت میں کروڑوں لوگ بیت الخلاء کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں اسی چیز کو لے کر بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے اس سماجی مسئلے کو فلم کے ذریعے اجاگر کرنے کی کوشش کی اور اس کے لیے فلم ’ٹوائلٹ:اک پریم کتھا‘ بنائی گئی جوکہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے کافی کارآمد ثابت ہوئی جب کہ فلم نے اچھا بزنس بھی کیا جس کے باعث اکشے کمار نے فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں اداکار کہہ رہے ہیں کہ فلم ’ٹوائلٹ‘ تو بنا لی لیکن کہانی ابھی باقی ہے اور اب میں ’ٹوائلٹ‘ پارٹ ٹو کے ساتھ آرہا ہوں جب کہ اکشے نے پوسٹ کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ اگلی بلاک بسٹر فلم کے لئے تیار ہو جائیں کیوں کہ مشن ’ٹوائلٹ ٹو‘ بدلے گا پورا ہندوستان۔

واضح رہے کہ 18 کروڑ کے بجٹ سے شری نرائن سنگھ کی ہدایتکاری میں بننے والی اکشے کمار کی فلم’ٹوائلٹ:اک پریم کتھا‘ نے اپنی منفرد کہانی کی بدولت دنیا بھر میں 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔