پولیس کی حمزہ کے قاتل کی گرفتاری کیلیے کرک میں رابطے

مفرور سیکورٹی گارڈ کرک کا رہائشی ہے اور پولیس نے کراچی میں اس کی رہائش گاہ سمیت تما م ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں۔


Staff Reporter May 03, 2013
نوجوان کے قتل کی تحقیقات کے لیے ایس پی کلفٹن کی سر براہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس نے ہفتے کو ڈیفنس میں لڑکی کے تنازع پر نوجوان کو قتل کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے سینئر پولیس افسران سے رابطہ کر لیا۔

مفرور سیکورٹی گارڈ کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کرک روانہ ہو جائے گی نوجوان کے قتل کی تحقیقات کے لیے ایس پی کلفٹن کی سر براہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، پولیس نے ہفتے کو ڈیفنس خیابان سحر میں لڑکی کے تنازع پر حمزہ کو فائرنگ سے قتل کرکے فرار ہونے والے سیکیورٹی گارڈ عمل خان کی گرفتاری کے لیے کرک پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔



ذرائع کے مطابق مفرور سیکورٹی گارڈ کرک کا رہائشی ہے اور پولیس نے کراچی میں اس کی رہائش گاہ سمیت تما م ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں تاہم کامیابی حاصل نہ ہوسکی، شبہ ہے کہ مفرور گارڈ واردات کے بعد کرک فرار ہو گیا ہے۔

مفرور گارڈ کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کرک روانہ ہوگی، دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ شاہد حیات کی ہدایت پرایس پی کلفٹن کی سر براہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تحقیقاتی ٹیم میں ڈی ایس پی اعظم بلوچ ، ایس ایچ او درخشاں،احسن ذوالفقار ، ایس آئی او درخشاں علیم کلاچی،ایس آئی او صدر محمد صدیق اور کیس کے انویسٹی گیشن افسر ملازم حسین بھٹی شامل ہے۔