وزارت قانون سندھ نے 190سالہ قوانین کو ڈیجیٹلائز کردیا

عدل اور انصاف ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں،مجرموں پر گرفت مضبوط کی جائے،گورنر


Staff Reporter May 03, 2013
عدل اور انصاف ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں،مجرموں پر گرفت مضبوط کی جائے،گورنر فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے آج شام گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں سندھ کوڈ Code کا افتتاح کیا، کوڈ کے تحت 1823 سے اب تک بننے والے قوانین کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے اور یہ تمام قوانین ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ عدل اور انصاف دو ایسے لفظ ہیں جو ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں اگر انصاف عدل کے ساتھ ہو تو اس کے مثبت نتائج نکلتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارے دین نے بھی ہمیں عدل کے ساتھ انصاف کی تاکید کی ہے،گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ 190 برس پر محیط قوانین اور ان میں کی گئی ترامیم کو ڈیجیٹلائز کیا جارہاہے،انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے وہ لوگ جو قانون کے طالبعلم نہیں ہیں انھیں بھی ریفرنس کے لیے مواد میسر آسکے گا۔



صوبے کے موجودہ حالات بہت زیادہ چیلنجنگ ہیں امن و امان پر حکومت کی توجہ مرکوز ہے اور بڑی شدت سے اس بات کی کمی محسوس کی جارہی ہے کہ قوانین میں موثر ترامیم ہوں جس کے ذریعے مجرموں پر گرفت مضبوط کی جائے اور ایسی کمی نہ رہے جس کا سہارا لیکر مجرم سزا سے بچ سکے،اگر خاص مضمون کے اوپر جیسے فیملی لاز ہیں اور اس طرح کے دیگر مضامین جس کا تعلق انسانی زندگی کے معاملات سے براہ راست ہیں ان پر اگر دنیا کے مختلف قوانین کا تقابلی جائزہ میسر آجائے تو اس سے قانون بنانے والوں کو بہتر قوانین کو ترتیب دینے میں آسانی حاصل ہوگی اس اقدام سے عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔

جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج بھی بلند ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زمینوں پر قبضہ ہورہا ہے لہٰذا اراضی کے قوانین کو اس طرح سے مرتب کیا جائے کہ لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا کو سرکاری اراضی پر قبضے کی جرات نہ ہو سکے، اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے لا ڈپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔