نگراں حکومت صوبے میں صحت کے 4آرڈیننس جاری کریگی

سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ تیار، نسخے کے بغیر دوا فروخت کرنے پر پابندی ہوگی


Staff Reporter May 04, 2013
سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ تیار، نسخے کے بغیر دوا فروخت کرنے پر پابندی ہوگی فوٹو: فائل

نگراں حکومت صوبے میں صحت سے متعلق 4آرڈیننس جاری کریگی۔

ان آرڈیننسوں میں تھیلیسیمیا پریونیشن ایکٹ،ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ2010، جناح اسپتال کو سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ماتحت کرنے اورسندھ مینٹل ہیلتھ آرڈیننس شامل ہیں، معلوم ہوا ہے کہ نگراں حکومت کی جانب سے چاروں آرڈیننس 8 مئی کومنائے جانے والے تھیلیسیمیاکے عالمی دن کے موقع پرجاری کیے جانے کاامکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے 2سال قبل پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن، ڈاکٹری نسخے کے بغیر ادویات کی فروخت پرپابندی اور ڈاکٹروں کوڈیوٹی کے دوران ہراساں کیے جانے سے متعلق قانونی مسودہ تیارکیاتھاتاہم اس میں بعض ترامیم کی وجہ سے بل سابقہ سندھ اسمبلی میں پیش نہیں کیاجاسکاتاہم نگراں حکومت نے ان بلوں کوآرڈیننس کی شکل میں جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے۔



ذرائع نے بتایاکہ سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیرکی دور میں مرتب کیے جانیوالے ہیلتھ کیمشن بل میں پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن،نسخے کے بغیرادویات کی فروخت، پرائیویٹ اسپتالوں کی مانیٹرنگ،دوران ڈیوٹی ڈاکٹروں کوہراساں کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کیلیے پہلی بارسندھ ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ2010 تیار کیا گیا تھاجوسابقہ اسمبلی میں پیش نہیں کیاجاسکاتاہم نگراں حکومت نے صوبے میں صحت سے متعلق چاروں آرڈینس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ جناح اسپتال کوسندھ میڈیکل یونیورسٹی کاٹیچینگ اسپتال بنانے کافیصلہ کیاگیا ہے ۔

کیونکہ سابقہ سندھ اسمبلی سے سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے بل کی منظوری کے وقت صرف یونیورسٹی کے قیام کے بل کی منظوری دی گئی تھی تاہم یونیورسٹی کے ساتھ کسی ٹیچینگ اسپتال کانام شامل نہیں کیاگیاتھاجس کے بعدیونیورسٹی کاقیام بھی نامکمل ہوگیاتھالیکن نگراں حکومت نے جناح اسپتال کوسندھ میڈیکل یونیورسٹی کاٹیچینگ اسپتال بنائے جانے سے متعلق آرڈینس جاری کرنے پررضامندی ظاہرکی ہے،واضح رہے کہ اٹھاریں ترمیم کی منظوری کے بعدصحت اورتعلیم صوبائی معاملہ قراردیے گئے ہیں یہی وجہ ہے اٹھارویں ترمیم کی منطوری کے بعد صوبائی اسمبلی نے بعدازمرگ اعضا کی پیوندکاری کا بل دوبارہ منظورکیاگیاتھا، اس سے قبل یہ بل قومی اسمبلی سے منظورکیاگیاتھا۔