پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے نوید قمر

منتخب ہوکر پہلے سے زیاد ہ خدمت کریں گے،تقریب میں گفتگو


Nama Nigar May 04, 2013
نوید قمر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور انہیں خوشی ہے کہ تاجر برادری نے ان کے کئے گئے کاموں کو سراہا۔ فوٹو: فائل

ٹنڈو محمد خان کی سماجی، تاجر تنظیم سٹیزن فورم نے قومی اسمبلی حلقہ این اے222پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 53 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سید اعجاز شاہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

علوانی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر فیڈریشن کے صدر اور سٹیزن فورم کے چئیر مین حاجی محمد اسماعیل میمن کا کہنا تھا کہ سید نوید قمر نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں اپنے حلقے میں تعلیم کی بہتری کے لیے زیبیسٹ کالج، پبلک اسکول اور دی سٹیزن فاؤنڈیشن اسکول قائم کیے، علاج معالجے کی سہولت کو بہتر کرنے کے لئے تین سو بستروں کا جدید اسپتال قائم کیا۔



جبکہ سیلاب اور برسات کی تباہ کاریوں کے دوران بھی انھوں نے اپنے حلقے کی عوام سے اپنا تعلق نہیں توڑا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اب ٹنڈو محمد خان کی عوام اور تاجر برادری اپنے ووٹ صرف نعروں پر نہیں بلکہ کام پر دیں گے اس موقع پر این اے 222 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر دفاع سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور انہیں خوشی ہے کہ تاجر برادری نے ان کے کئے گئے کاموں کو سراہا۔

انھوں نے وعدہ کیا کہ وہ منتخب ہوکر پہلے سے بھی زیاد ہ عوام کی خدمت کریں گے۔ تقریب سے صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس53 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید اعجاز شاہ بخاری، سید قبول محمد شاہ، سٹیزن فورم کے رہنماؤں حاجی شمش الدین شیخ، سابق یوسی ناظم خلیل میمن، محمد اسلم علوانی، ڈاکٹر اکرام الدین غوری، عبدالوحید قریشی، محمد آصف میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مقبول خبریں