کیانی کابیان الیکشن پراثرانداز ہوسکتا ہے منورحسن

امن بحالی تک انتخابات نہ کرانے کی باتوں سے دھوکا نہیں دے سکتے،جلسوں سے خطاب


Numainda Express May 04, 2013
پی پی پی،ایم کیوایم اور اے این پی نے 5 سال تک دہشتگردی ، بدامنی کو فروغ دیا فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے امیر منورحسن نے کہا ہے کہ جنرل کیانی کا دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ قرار دینے کا بیان پانچ سال تک امریکی ایجنڈے کو پورا کرنے والوں کے لیے تقویت کا باعث اورالیکشن پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

انھوں نے گوجرانوالہ اوروزیرآباد میں جلسوں سے خطاب میں کہاکہ پی پی پی، ایم کیو ایم اور اے این پی نے پانچ سال تک دہشتگردی ، بدامنی کو فروغ دیا،اب امن و امان کی بحالی تک انتخابات نہ کرانے کی باتیں کرکے قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے ۔ پی پی پی 4 مرتبہ اقتدار میں رہی لیکن عوام کو روٹی کپڑا مکان نصیب نہ ہوا،نواز شریف 3 مرتبہ اقتدار میں آئے، کالاباغ ڈیم پہلے نہیں بنایااب پھرجھوٹے نعرے لگائے جارہے ہیں،جن سے لوگوں کو بہلایا نہیں جاسکتا۔



پنجاب کے حکمرانوں نے مغرب کی خوشنودی کے لیے تعلیمی نصاب میں سے قرآنی آیات اور اسلامی واقعات کی جگہ بے مقصد کہانیاں شامل کیں،ان سے اصلاح احوال کی کیا توقع کی جاسکتی ہے ۔ پیپلز پارٹی اوراس کے اتحادیوں نے بلوچستان ، فاٹا اورکے پی کے کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا ، امریکی مرضی پرجگہ جگہ فوجی آپریشن کر کے لاکھوں لوگوں کوبے گھرکیا ۔ جلسے سے امیدوار این اے 98 بلال قدر ت بٹ ، این اے 96 سے امیدوار فظ حمید اﷲ اعوان ، این اے 93 کے امیدوار طارق جاوید بٹ، پی پی 92 کے امیدوار رضوان احمد چیمہ اور پی پی 93 کے امیدوارمنیر گوندل نے بھی خطاب کیا۔