12دنوں میں 8بم دھماکے متحدہ کے کارکن سمیت 14 افراد ہلاک

پولیس کے سربراہ نے کسی بھی بم دھماکے کے بعد نہ تو زخمیوں کی عیادت کی, نہ ہی جائے وقوع کا دورہ کرنے کی زحمت گوارا کی


Staff Reporter May 05, 2013
پولیس کے سربراہ نے کسی بھی بم دھماکے کے بعد نہ تو زخمیوں کی عیادت کی, نہ ہی جائے وقوع کا دورہ کرنے کی زحمت گوارا کی. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 12 روز کے دوران 8 بم دھماکوں میں سے متحدہ قومی موومنٹ کے انتخابی دفاتر پر 6 بم دھماکے کیے گئے۔

جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 14 افراد جاں بحق اور 113 زخمی ہوئے اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے الیکشن دفاتر پر کیے جانے والے بم دھماکوں میں15 افراد جاں بحق اور80 افراد زخمی گئے، کراچی پولیس کے سربراہ نے کسی بھی بم دھماکے کے بعد نہ تو زخمیوں کی عیادت کی اور نہ ہی جائے وقوع کا دورہ کرنے کی زحمت گوارا کی جس کے بعد شہری حلقوں نے انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک کیے جانے والے بم دھماکوں میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے باوجود کراچی پولیس کے سربراہ اقبال محمود چین کی بانسری بجا رہے ہیں اور انھوں نے دہشت گردی کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی اسپتال میں عیادت تو درکنا جائے وقوع کا دورہ کرنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی، شہریوں نے کراچی پولیس کے سربراہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا کراچی پولیس کے سربراہ کی ذمے داری ہے جس میں وہ بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ خود دہشت گردوں سے خوفزدہ ہے ۔

جس کی وجہ سے انھوں نے کسی بھی جائے وقوع کا نہ تو دورہ کیا اور نہ ہی ان کی جانب سے بے گناہ افراد کی ہلاکت پر کوئی نوٹس لیا گیا ، کراچی پولیس کے سربراہ سیٹ دوسری بار حاصل کرنے والے اقبال محمود کی تعیناتی کے دوران 23 اپریل کو تیموریہ تھانے کی حدود پیپلز چورنگی کے قریب متحدہ قومی موومنٹ کے دفتر کے سامنے بم دھماکے میں2 افراد ہلاک اور23 زخمی ہوئے تھے بعد ازاں ایک شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا ، 25 اپریل کو شارع نور جہاں کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن آفس کے باہر بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور10 زخمی ہو ئے تھے بعد ازاں ایک شخص اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا تھا۔

، 28اپریل کو قصبہ کالونی میں وقفے وقفے سے2 بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 45 افراد زخمی ہو گئے تھے ، 2 مئی کو آرام باغ تھانے کی حدود برنس روڈ پر متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی الیکشن آفس سے متصل مسجد بابل السلام کے وضو خانے میں رکھے جانے والے بم دھماکے سے9 افراد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ روز ہفتے کی شب فیڈرل بی ایریا کے علاقے عزیز آباد نمبر 8 میں متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ نمبر 153 میں قائم انتخابی دفتر کے باہر یکے بعد دیگرے 2 نصب بم دھماکوں میں کمسن لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

26 اپریل کو مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن قائد عوام کالونی میں عوامی نیشنل پارٹی کے الیکشن آفس کے باہر بم دھماکے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوئے اسی طرح28اپریل کو کلا کوٹ تھانے کی حدود لیاری کمہار واڑہ ہری مسجد کے قریب پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران اسٹیج کے قریب بم دھماکے میں ایک بچی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔