پیپلز پارٹی عدم تحفظ پر جلسوں کا انعقاد نہیں کررہی شاہدہ رحمانی

روشن خیال،لبرل اور اعتدال پسند جماعتوں کو الیکشن سے دور رکھنے کی سازش ہورہی ہے.


روشن خیال،لبرل اور اعتدال پسند جماعتوں کو الیکشن سے دور رکھنے کی سازش ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں جیت پیپلز پارٹی کی ہوگی ۔

پیپلز پارٹی نے عوام کی فلاح وبہبود کیلیے بے شمار کام کیے ہیں،چند سیاسی جماعتیں روشن خیال،لبرل اور اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات سے دور رکھنے کیلیے سازشیں کررہی ہیں، سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے جلوس نہیں کر رہے کیونکہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کسی اور لیڈر کو قربان نہیں کرنا چاہتے،ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کی کارکن ومخصوص نشست کی امیدوار ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے گفتگو کے دوران کیا،انھوں نے کہا کہ کراچی کے ہر ضلعے میں انتخابی الیکشن سیل قائم کیے گئے ہیں۔



پارٹی کی لوکل تنظیمیں گھر گھر رابطہ مہم چلارہی ہیں،امیدوار لوکل تنظیموں کے ذریعے ہر حلقے میں جھنڈے،بینرز،پوسٹرزاور پینافلیکس آویزاں کرنے میں سرگرم نظر آرہے ہیں، الیکشن مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیے گئے ہیں،پیپلز پارٹی نے عوام کی بھلائی کے لیے بے شمار کام کیے ہیں جن میں بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام، وسیلہ حق کے ذریعے روزگار کی فراہمی،یوتھ ڈیولپمنٹ ونگ کے ذریعے49 اقسام کے کورسزکے لیے600 سے زائد مراکزکا قیام سمیت دیگر انسانی فلاح و بہبود کے کام شامل ہیں، پیپلز پارٹی کو دوبارہ اقتدار ملا تو ہم ملک کو درپیش تمام دیرینہ مسائل سے باہر نکالیں گے۔