حیدرآباد ڈکیتی میں مزاحمت پرفائرنگ دکاندار زخمی

مشتعل افراد نے نیا پُل چوک پر ٹائر بھی جلا ئے اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے۔


Numainda Express August 13, 2012
واقعے کیخلاف تاجر سراپا احتجاج، ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دی، گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے. فوٹو فائل

ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد دکان ملازم کو گولی مار کر فرار ہوگئے جس پر دکانداروں نے احتجاجاً دکانیں بند کردیں۔ قاضی عبدالقیوم روڈ پر واقع پمپس اور الیکٹرک موٹرز کی دکان عظیم غفور ٹریڈرس پر 2 مسلح افراد لوٹ مار کے لیے داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد سے نقدی اور موبائل فونزچھیننے کی کوشش کی جس پر دکان ملازم30سالہ مبین نے مزاحمت کی اور ایک ڈاکوکو قابو کر لیا جس پر دوسرے مسلح شخص نے فائرنگ کر کے مبین کو زخمی کر دیا۔

ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمی دکاندار کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ واقعہ کے بعد قاضی عبدالقیوم روڈ اور نیا پل چوک کے تاجروں نے دکانیں بند کر کے احتجاج شروع کر دیا، مشتعل افراد نے نیا پُل چوک پر ٹائر بھی جلا ئے اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے، جسکے باعث ٹریفک معطل ہوگئی بعدازاں پولیس حکام کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔