الیکشن مانیٹرنگ سیل دن رات کام کریں گے نگراں وزیراعلیٰ

سیکیورٹی اور پر امن سازگار انتخابی ماحول قائم کیا جائے گا، اجلاس سے خطاب.


Staff Reporter May 07, 2013
کراچی کے حساس علاقوں میں فوج تعینات کی جائے گی، اجلاس میں بریفنگ فوٹو: فائل

سندھ حکومت صوبے بھر میں صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد اور امن امان کو برقرار رکھنے کیلیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے تاکہ انتخابات کے لیے پرامن اور سازگار ماحول قائم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) زاہد قربان علوی اور نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے وزیراعلیٰ ہائوس میں امن امان سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کے دوران کیا ۔ اجلاس میں انھوں نے صوبے بھرکے تمام اعلیٰ حکام کواپنے بالاافسران سے مسلسل باہمی رابطے میں رہنے کے احکام بھی دیے گئے اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی صورتحال میں فوری طور پر کاروائی کیلیے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ ، محکمہ داخلہ اور محکمہ بلدیات میں قائم کیے گئے الیکشن مانیٹرنگ سیل دن رات کام کریں گے۔



اجلاس میں امن امان کی صورتحال کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا اور الیکشن سے قبل، الیکشن کے دن اور الیکشن کے بعد سیکیورٹی انتظامات کیلیے کنٹی جینسی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہاں بشمول انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات کیلیے پرامن اور سازگار ماحول بنانے کیلیے سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل رینجرز نے بتایا کہ رینجرز،دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کاروائی کر رہی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں سے کئی دہشتگردد پکڑے گئے ہیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حساس علاقوں میں فوج تعینات کی جائے گی ۔ کمشنر کراچی نے اجلاس کو بتایا کہ ہسپتالیں ، ایمبولینس، فائربرگیڈ، سول ڈفینس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ۔