حیدرآباد میں صفائی کی ابتر صورتحال شہری سڑکوں پر آ گئے

انتظامیہ سےمایوس ہوکر لوگ اپنی مدد آپ کےتحت صفائی کی کوشش کررہےہیں۔


Numainda Express August 13, 2012
سیاسی جماعتیں سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہیں، متحدہ کے قائد سے مداخلت کی اپیل

حیدرآباد شہر کے 3 لاکھ سے زائد آبادی والے گنجان آباد علاقے لیاقت کالونی اور اطراف میں گزشتہ ایک ماہ سے جمع گندے پانی کی عدم نکاسی اور کچرا تلف نہ کیے جانے کے خلاف علا قہ مکینوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین میں مرد و خواتین اور بچے بھی شامل تھے جو بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور ایچ ڈی اے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت کرنے والے امین قادری، بابا صدر الدی، محمد سلیم قادری، حاجی اشرف و دیگر کا کہنا تھا کہ لیاقت کالونی ایک ماہ سے گندے پانی کے تالاب اور کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہے جس کے باعث لوگوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، کاروبار تباہ اور علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں، لیکن صورتحال میں بہتری کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے ۔

سیاسی جماعتیں اور انتظامیہ سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہیں، جب کہ انتظامیہ سے مایوس ہو کر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن گندگی اتنی ہے کہ حکومتی اقدامات کے بغیر صفائی ممکن نہیں۔ انہوں نے متحدہ کے قائد الطاف حسین سے اپیل کی کہ وہ اپنے نمائندوں کو لیاقت کالونی کی حالت بہتر بنانے کے لیے احکامات صادر کریں اور عوام کو اس مشکل سے نجات دلائیں۔