شمالی کوریا نے امریکا اورجنوبی کوریا پرحملے کیلئے تیارمیزائل ہٹالئے

شمالی کوریا کے’’ موسوڈان‘‘ میزائل کسی بھی لمحے داغے جانے کے لئے تیار تھے لیکن اب یہ میزائل ہٹا لئے گئے ہیں، رپورٹ


May 07, 2013
شمالی کوریا کی جانب سے میزائل حملوں کا خطرہ ٹل گیا کیونکہ پیانگ یانگ کو انہیں دوبارہ لانچ کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا، رپورٹ۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

KARACHI: شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل پر واقع ایک لانچ سائٹ سے دو میزائل ہٹا لیے ہیں جس کے بعد جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں امریکی دفاعی اہلکار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے' موسوڈان' میزائل کسی بھی لمحے داغے جانے کے لیے تیار تھے لیکن اب شمالی کوریا نے یہ میزائل ہٹا لئے ہیں۔ جس کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے میزائل حملوں کا خطرہ ٹل گیا ہے کیونکہ پیانگ یانگ حکومت کو انہیں دوبارہ لانچ کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔ شمالی کوریا کے اس اقدام سے خطے میں موجود تناؤ میں کمی ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں شمالی کوریا کی جانب سے تیسرا ایٹمی تجربہ کرنے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا جب کہ شمالی کوریہ نے امریکا اور جنوبی کوریا کے مخصوص مقامات پر ایٹمی حملوں کی دھمکی بھی دی تھی۔