پودوں کو پانی فراہم کرنے والا سورج مکھی روبوٹ

ویب ڈیسک  اتوار 15 جولائی 2018
یہ گھریلو پودوں کی ضروریات جیسے پانی، ہوا اور دھوپ کا مکمل خیال رکھتا ہے۔ فوٹو : فائل

یہ گھریلو پودوں کی ضروریات جیسے پانی، ہوا اور دھوپ کا مکمل خیال رکھتا ہے۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: سائنس دان ایسا سورج مکھی روبوٹ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو سورج کی حرکت پر نظر رکھتے ہوئے پودوں کو روشنی کی جانب منتقل کردیتا ہے اور ساتھ ہی انہیں پانی و ہوا کی فراہمی کو بھی یقینی بناتا ہے۔

اگر آپ کسی بھی مصروفیت کی وجہ سے گھر کے لان میں لگے پودوں کو پانی دینا بھول گئے ہیں تو پریشانی کی کوئی بات نہیں کیوں کہ اب ایک روبوٹ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کرے گا۔ یہ روبوٹ پودوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے پانی فراہم کرے گا جب کہ دھوپ اور ہوا کی کمی کی صورت میں پودوں کو درست جگہ بھی منتقل کرسکے گا۔

روبوٹ بنانے والی معروف کمپنی ون کراسن ’Vincrossn‘ نے گھر کے پودوں کی دیکھ بحال اور اسے بروقت پانی دینے کے لیے کیکڑے کی شکل کا ایک روبوٹ تیار کیا ہے۔ چھ ٹانگوں والے اس روبوٹ پر سورج مکھی کی طرح کا پھول بنا ہوا ہے جب کہ زیریں حصے میں پانی رکھنے کی گنجائش بھی ہے۔ یہ پودوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بھی منتقل کرسکتا ہے۔

اس روبوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ گھر میں موجود پودوں کی ضروریات جیسے پانی ، دھوپ اور ہوا کا مکمل خیال رکھتا ہے اگر کسی پودے کو درکار دھوپ نہیں مل رہی تو یہ پودے کو دھوپ والی جگہ منتقل کردیتا ہے اسی طرح ہوادار جگہ اور پانی کی کمی و بیشی پر نظر رکھتا ہے۔ اسے سورج مکھی سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا ہے۔

via Gfycat

اپنے فرائض کی انجام دہی کے بعد یہ روبوٹ خوشی میں رقص بھی کرتا ہے۔ امریکا میں اس کی قیمت 949 ڈالر ہے اور اسے پہلی مرتبہ ایک سال قبل آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا تھا لیکن اب اس میں ترمیم و تبدیلی کے بعد جدید خصوصیات سے لیس کرکے دوبارہ لانچ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔