سری لنکا میں عمرقیدپانیوالے20پاکستانی وطن منتقل

سری لنکا میںمنشیات کی اسمگلنگ کے الزام ثابت ہونے پرعمرقیدکی سزا کاٹنے والے 20پاکستانی قیدی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔


Staff Reporter August 13, 2012
قیدیوں میں2خواتین بھی شامل،عدالت کے ذریعے قیدی متعلقہ شہرمنتقل ہوسکتے ہیں

سری لنکا میںمنشیات کی اسمگلنگ کے الزام ثابت ہونے پرعمرقیدکی سزا کاٹنے والے 20پاکستانی قیدی پاکستان پہنچ گئے ہیں، قیدیوں میں دو خواتین قیدی بھی شامل ہیں، قیدیوں کی پاکستان منتقلی پاکستان اورسری لنکا کے مابین موجود تبادلہ اسیران معاہدے کے تحت کیا گیا ہے، تمام قیدی اپنی باقی ماندہ عمر قید پاکستان کی جیلوں میں پوری کریں گے۔

قیدیوںکی پاکستان منتقلی کیلیے سفری اخراجات پاکستان ہائی کمیشن سری لنکا کی جانب سے ادا کیے گئے جبکہ ایف آئی اے امیگریشن نے 28جولائی سے7 اگست کے دوران سری لنکن ایئرلائنز کے ذریعے آنے والے دو قیدیوںکوکراچی سینٹرل جیل کی انتظامیہ کے سپرد کردیا ، ذرائع نے بتایا کہ پاکستان منتقل کیے جانے والے قیدیوں میںمحمد افضل ندیم، محمد سہیل، شاہ حسین، سید رضوان احمد، ندیم انور، نیاز علی، پرویز مسیح، عابد یعقوب مسیح، ثمین جان، طاہر خان، ندیم علی، رانا محمد الیاس، روشن الیاس، سکندر علی، محمد ظہیر، فرید خان، محمد یاسین، محمد یونس، ثمینہ عبدالرحیم اور فوزیہ سلطانہ شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ تمام افراد کراچی، خیبر ایجنسی، مردان، گجرانوالہ، پشاور، خیرپور میرس اور لاہور سے تعلق رکھتے ہیں، قیدیوں کے اہل خانہ عدالت کے ذریعے قیدی کو متعلقہ شہر منتقل کراسکتے ہیں جبکہ دوسری صورت میں یہ قیدی اپنی عمرقید کی سزا کراچی سینٹرل جیل ہی میں مکمل کریں گے۔