کراچی میں فاروق ستار پر خواتین برس پڑیں، سیاست چمکانے کا الزام

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
ناخوشگوار صورتحال کی وجہ سے فاروق ستار کو اپنی پریس کانفرنس روکنی پڑگئی فوٹو:سوشل میڈیا

ناخوشگوار صورتحال کی وجہ سے فاروق ستار کو اپنی پریس کانفرنس روکنی پڑگئی فوٹو:سوشل میڈیا

 کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار پر خواتین برس پڑیں اور سیاست چمکانے کا الزام لگادیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کراچی میں سرکاری مارٹن کوارٹرز کے دورے پر پہنچے اور مکینوں کی بے دخلی روکنے کا مطالبہ کیا۔  فاروق ستار نے اس موقع پر پریس کانفرنس بھی کی جس کے دوران بعض خواتین نے شور شرابا کرنا شروع کردیا اور ایم کیو ایم رہنما کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

بعض خواتین نے شور مچانے والے مظاہرین کو خاموش کرانے کی کوشش کی تو جھگڑا شروع ہوگیا اور افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت سرکاری کوارٹر خالی نہیں کریں گے، فاروق ستار محض 25 جولائی کیلیے اپنی سیاست چمکارہے ہیں۔

ناخوشگوار صورتحال کی وجہ سے فاروق ستار کو اپنی پریس کانفرنس روکنی پڑگئی، تاہم انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتیں ہمارا پروگرام خراب کرنے کے لئے خواتین کو بھیج رہی ہیں، ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون کا نام شازیہ عمران ہے جو پی ایس پی کی رہنما ہیں۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقوں عزیز آباد، لیاقت آباد اور غریب آباد میں ایم کیوایم کے خلاف بینر لگ گئے۔ نامعلوم افراد نے یہ بینر لگائے ہیں جن پر ’ایم کیو ایم حقیقی 2 نامنظور‘کے نعرے درج ہیں۔ مصروف شاہراہوں پر لگائے گئے بینر پر انتخابی نشان ’پتنگ پر قبضہ نامنظور‘ بھی تحریر ہے۔

دریں اثنا لانڈھی میں ایم کیو ایم کے جلسے کے دوران رہنماؤں پر انڈے اور گھی کی تھیلیاں پھینک دیں گئیں جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کی لانڈھی میں کارنر میٹنگ جاری تھی کہ نامعلوم افراد نے اسٹیج کے پیچے سے کارکنوں اور رہنماؤں پر انڈے اور گھی کی تھیلیاں پھینک دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔