جب سلمان خان نے جھانوی کپور کو ڈانس کرنے کیلیے کہا!

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
جھانوی کپور کی پہلی فلم ’دھڑک‘ 20 جولائی کو ریلیز ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

جھانوی کپور کی پہلی فلم ’دھڑک‘ 20 جولائی کو ریلیز ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ سلطان سلمان خان نے نوجوان اداکارہ جھانوی کپور کو سب کے سامنے ڈانس کراکر شرمندہ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی انجہانی اداکارہ سری دیوی اور معروف ہدایتکار بونی کپور کی بیٹی جھانوی کپور نے سلمان خان سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’ وہ اکثر اپنے والد اور والدہ کے ہمراہ فلم کے سیٹ پر جایا کرتی تھیں لیکن جب میں 10 سے 12 سال کی تھی تب مجھے یاد ہے میں ایک بار فلم ’وانٹڈ‘ کے سیٹ پر گئی جہاں سلمان خان اور کترینہ کیف ایک گیت پر ریہرسل کر رہے تھے تو میں خاموشی سے اُس کمرے کی طرف چلی گئی جہاں ریہرسل کی جارہی تھی۔

جھانوی نے بتایا کہ دونوں اداکاروں کو دیکھ کر میرا بھی ڈانس کرنے کا دل چاہ رہا تھا اور یہی ہوا کہ میں خود کو اُس وقت روک نہ سکی اور کمرے کے کارنر پر ہی ڈانس کرنا شروع ہوگئی اور اُس وقت میں ڈانس میں اس طرح مگن تھی کہ مجھے احساس ہی نہیں ہوا کہ دوسری جانب سے سلمان خان مجھے دیکھ رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان سے محبت کرتی ہوں، سونم کپور

جھانوی کپور نے مزید بتایا کہ میری نظر سلمان خان پر پڑی تو انہوں نے مجھے فوری کمرے کے درمیان میں آکر ڈانس کرنے کا کہا اور میں بغیر کچھ کہے ارد گرد موجود تمام لوگوں کے درمیان ڈانس کرنا شروع ہو گئی اور اُس وقت سب میری حوصلہ افزائی کر رہے تھے لیکن جب میں آج اُس وقت کو یاد کرتی ہوں تو مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے کہ نہ جانے اُس وقت وہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچ رہے ہوں گے۔

واضح رہے جھانوی کپور کی پہلی فلم ’دھڑک‘ 20 جولائی کو ریلیز ہورہی ہے جس میں شاہد کپور کے چھوٹے بھائی اشان کھاتر ان کے ہمراہ مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔