الیکشن فنڈ کے نام پر بھتہ خوری اولڈ سٹی ایریا کے تجارتی مراکز3روز کیلئے بند کرنے کا اعلان

غیریقینی صورتحال کے باعث مارکیٹیں سرِشام ویران ہوجاتی ہیں،کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہوگئیں، تاجر اتحاد


Business Reporter May 09, 2013
شیخ محمد عالم نے کہا ہے کہ اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں میں الیکشن فنڈ کے نام پر تاجروں سے اسلحے کے زور پرنقد رقوم طلب کی جارہی ہیں. فوٹو: فائل

لاہور: چھوٹے تاجروں نے الیکشن فنڈ کے نام پر بھتہ خوری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر اولڈ سٹی ایریا اور اس سے ملحقہ تمام تجارتی مراکز اور شاپنگ سینٹرز جمعہ10مئی سے اتوار12مئی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ اعلان آل کراچی تاجر اتحاد اولڈ سٹی ایریا زون کے چیئرمین شیخ محمد عالم نے بدھ کو علاقے کی مارکیٹوں کے نمائندہ اجلاس کے بعدکیا، شیخ محمد عالم نے کہا ہے کہ اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں میں الیکشن فنڈ کے نام پر تاجروں سے اسلحے کے زور پرنقد رقوم طلب کی جارہی ہیں، تاجر اپنی دن بھر کی آمدنی بھتے کے طور پر ادا کرنے پر مجبور ہیں ۔



جس کے باعث اولڈ سٹی ایریا کے تاجروں میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ ایک بارپھر اپنے آپ کو غیرمحفوظ تصور کرنے لگے ہیں، انھوں نے کہا کہ غیریقینی صورتحال کے باعث اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹیں سرِشام ویران ہوجاتی ہیں اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں، اجلاس میں شریک علاقے کی مارکیٹوں کے نمائندوںمحمد اکرم رانا، شیخ محمد بلال، محمد حنیف، انور چھیپا، محمد ابراہیم، سلام قادری، محمد اسلم، شاکر فینسی، سکندر علی، عبدالغفور اور دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کے امید افزا عمل کو خوف کے ماحول سے نکالا جائے تاکہ تاجر برادری بے خوف و خطر ہوکر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرسکے۔

تاجروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند جرائم پیشہ عناصر مختلف جماعتوں کے نام سے بھتے کی طرز پر الیکشن فنڈز وصول کررہے ہیں جن کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مارکیٹوں میں آزادانہ طور پر دندنانے والے ان اسلحہ بردار مجرموں کی روک تھام میں مکمل طور پر بے بس نظر آتے ہیں۔