کاروں کی پیداوار اور فروخت میں گزشتہ مالی سال نمایاں اضافہ

اے پی پی  منگل 17 جولائی 2018
جولائی تا جون 2018کاروں کی پیداوار 2 لاکھ 18ہزار،فروخت 2 لاکھ 17ہزاریونٹ رہی ۔  فوٹو : فائل

جولائی تا جون 2018کاروں کی پیداوار 2 لاکھ 18ہزار،فروخت 2 لاکھ 17ہزاریونٹ رہی ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ملک میں کاروں کی پیداوار اور فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی 2017 سے جون 2018 تک ملک میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 17 ہزار 774 کاروں کی پیداوار اور 2 لاکھ 16 ہزار 786 کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جولائی 2016 سے جون 2017 تک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

مالی سال 2016-17 کے دوران ملک میں 1لاکھ 86 ہزار 935 کاروں کی پیداوار اور 1لاکھ 85 ہزار 781 کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی،1300 سی سی اور اس سے زیادہ کٹیگری میں گزشتہ مالی سال کے دوران 98 ہزار 348 کاریں تیار اور 99 ہزار 132 فروخت کی گئیں، مالی سال 2016-17 میں اس کٹیگری میں 93 ہزار 781 کاریں تیار اور 93 ہزار 925 یونٹس فروخت کیے گئے تھے۔ان میں ہنڈا سوک ، سٹی ، سوزوکی سویپ اور ٹیوٹا کرولا شامل ہیں، 1ہزار سی سی کی کٹیگری میں ملک میں 49 ہزار 948 کاریں تیار اور 49 ہزار 689 کاریں فروخت کی گئی، سال 2016-17 میں اسی کٹیگری میں 35 ہزار 315 یونٹ تیار اور 34 ہزار 678 فروخت ہوئے تھے، ان میں سوزوکی کلٹس، سوزوکی ویگن آر، ہونڈائی سینٹرو شامل ہے۔

ایک ہزار سے نیچے اور 800 سی سی کی کٹیگری میں ملک میں 69 ہزار 78 کاروں کی پیداوار اور 67 ہزار 969 یونٹ فروخت کیے گئے، سال 2016-17 میں اسی کٹیگری میں ملک میں 57 ہزار 842 یونٹ تیار اور 57 ہزار 178 بیچے گئے تھے، ان میں سوزوکی مہران ، سوزوکی بولان ماڈل کی کاریں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کاروں کی قیمتوں میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔