ایس ای سی پی: ایک ماہ میں سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹرڈ ہونے کا نیا ریکارڈ

ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 101 تک پہنچ گئی


ویب ڈیسک May 07, 2026

اسلام آباد:

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق اپریل میں پاکستان میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4082 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس کے نتیجے میں ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 101 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی طور پر 30 اپریل کو ایک ہی دن میں 340 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی، جو یومیہ کمپنی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق دنیا کے 22 ممالک سے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیاں رجسٹر کروائیں، جن میں سے چین کے 95 شیئر ہولڈرز نے بھی کمپنیاں رجسٹر کیں۔

چین سے رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 193 ملین روپے ہے۔

صوبائی سطح پر پنجاب نے 2093 نئی کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ اسلام آباد سے 719، سندھ سے 600 اور خیبر پختونخوا سے 325 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ گلگت بلتستان سے 276 اور بلوچستان سے 69 کمپنیاں رجسٹر کی گئی ہیں۔

شعبہ جاتی تقسیم کے لحاظ سے آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں سب سے زیادہ، یعنی 832 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ٹریڈنگ میں 757، سروسز میں 490، رئیل اسٹیٹ اور کنسٹریکشن میں 358 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ دیگر شعبوں میں سیاحت میں 242، فوڈ اینڈ بیورجز میں 158، ایجوکیشن میں 127 اور ٹیکسٹائل میں 105 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ کمپنی رجسٹریشن میں اضافہ دستاویزی معیشت کی جانب مثبت پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔