چیمپئنز ٹرافی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریگی میانداد

تربیتی کیمپ میں پلیئرز نے مشوروں سے فائدہ اٹھایا، آئندہ بھی خدمات حاضر ہوں گی


Sports Reporter May 09, 2013
تربیتی کیمپ میں پلیئرز نے مشوروں سے فائدہ اٹھایا، آئندہ بھی خدمات حاضر ہوں گی۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ون ڈے کرکٹ میں کسی کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا تاہم ہماری ٹیم کی تیاریاں بہترین ہیں، امید ہے کہ مصباح الیون چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں فرق ہے، کسی بھی ایک روزہ میچ کی پیش گوئی کرنا قبل ازوقت ہوتا ہے، کوئی بھی سائیڈ کسی بھی حریف کیخلاف حیران کن کارکردگی دکھا سکتی ہے،انھوں نے کہا کہ پوری قوم کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن کر وطن لوٹے۔



بورڈ کے ڈی جی نے مزید کہا کہ چیئرمین ذکا اشرف کے کہنے پر میں ایبٹ آباد میں قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں گیا اور جو کچھ کر سکتا تھا وہ کیا۔ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ پلیئرز نے میرے ساتھ بھر پور محنت کی اور میرے مشوروں سے استفادہ حاصل کیا، انھوں نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں پاکستان کی بدولت ہوں، مستقبل میں بھی گرین شرٹس کے لیے میری خدمات حاضر ہوں گی۔