کالعدم تحریک طالبان اور گینگ وار کے کارندوں سمیت9ملزمان گرفتار

ملزمان سے کلاشنکوف،دستی بم برآمد،کھارادر سے لوگوں کو اغوا کرکے لاکھوں روپے بھتہ وصول کیا،ملزم زاہد بلوچ کااعتراف


Staff Reporter May 10, 2013
ایس ایس پی سی آئی ڈی کاؤنٹر ٹیریزم ونگ (سی ٹی ڈبلیو) راجہ عمر خطاب کی نگرانی میں ڈی ایس پی اصغر عثمان نے اسلامیہ کالج نیو ایم اے جناح روڈ کے قریب چھاپہ مار کرلیا. فوٹو: فائل

سی آئی ڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرکے کلاشنکوف ، دستی بم اور دیگر اسلحہ و گولیاں برآمد کرلیں ۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل گارڈن چوہدری اسلم کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے پیر آباد میںچھاپہ مارکرکالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے5ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کلاشنکوف ، 5 دستی بم اور 3ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے، چوہدری اسلم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں ے۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی کاؤنٹر ٹیریزم ونگ (سی ٹی ڈبلیو) راجہ عمر خطاب کی نگرانی میں ڈی ایس پی اصغر عثمان نے اسلامیہ کالج نیو ایم اے جناح روڈ کے قریب چھاپہ مار کرلیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان زاہد حسین بلوچ ،عبدالقادر اور فرحان احمد کوگرفتار کرکے اسلحہ ، گولیاں اور چرس برآمد کرلی جبکہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران2ملزمان محمد فہد اور پونم موقع سے فرار ہوگئے۔



راجہ عمر خطاب کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار ( رحمن ڈکیت گروپ) سے ہے اور انھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے انھوں نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری ، دستی بم حملوں اورفائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد کو زخمی کیا ہے جبکہ ملزم زاہد حسین بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ6ماہ کے دوران اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ احمد سنار کو اغوا کیا اور اسے امین بلیدی کے ٹھکانے المعراج ہوٹل لی مارکیٹ میں رکھا اوربعد ازاں اس کی رہائی کے عوض 10لاکھ روپے تاوان وصول کیا ۔

جبکہ کچھی مارکیٹ سے عمران نامی شخص کو اغوا کے بعد 18لاکھ روپے تاوان وصول کیا جبکہ بابا لاڈلہ کے کہنے پر ان کے گروپ نے مچھی میانی مارکیٹ سے ہاشم نامی شخص کو اغوا کرکے بہار کالونی لیاری میں رکھا اور اس کی رہائی کے عوض 35 لاکھ روپے تاوان وصول کیا ، ایس ایس پی سی آئی ڈی سول لائن آپریشن فیاض خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے اﷲ ٹاؤن میں چھاپہ مار کر ایک ملزم محمد سہیل عرف تنویر ولد عبدالمجید کو گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد کرلیا ، فیاض خان کے مطابق ملزم قتل ، اقدام قتل ، پولیس مقابلوں ، بھتہ خوری کے علاوہ منی چینجر اور بینک سے نکلنے والوں سے لوٹ مار کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔