وزیراعظم نے خط نہ لکھا تو نااہل ہوسکتے ہیں یاسین آزاد

راجا پرویز حکو مت اورجمہوریت کے مفاد میں سوئس حکام کو خط لکھ دیں ،صدر سپریم کورٹ بار


INP August 13, 2012
راجا پرویز حکو مت اورجمہوریت کے مفاد میں سوئس حکام کو خط لکھ دیں ،صدر سپریم کورٹ بار۔ فوٹو فائل

سپر یم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یٰسین آزاد نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجا پر ویز اشرف نے سوئس حکام کو خط نہ لکھا تو نااہل ہوسکتے ہیں ' حکومت، جمہوریت اور اداروں کے مفادات کے لیے عدالتی احکامات کے مطابق سوئس حکام کو خط لکھ دیں۔

اتوارکواپنے ایک انٹرویومیں انھوں نے کہا کہ حکو مت اور عدلیہ میں محاذآرائی کا خاتمہ صرف سوئس حکام کو خط لکھنے کے ذریعے ہی ممکن ہے اور حکو مت کو چاہیے کہ وہ فوری خط لکھ دے، انھوں نے کہا کہ ملک کو آج بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، ان حالات میں حکومت اور عدلیہ کے درمیان محاذآرائی جمہو ریت اور ملک کے لیے تباہ کن ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر نااہل قرار دیا ہے اور اب اگر راجا پرویز اشرف بھی عدالتی احکامات پر عمل نہیں کر یں گے تو عدلیہ ان کو بھی نااہل قرار دے گی۔