چیف سیکریٹری کا محکموں کے کنٹرول روم اورالیکشن سیل کا دورہ

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے اعجاز چوہدری کو اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کیا


Staff Reporter May 11, 2013
سیکریٹری بلدیات شاہد پرویز نے صفائی سمیت دیگر معاملات پر بریفنگ دی

چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجاز چوہدری نے جمعہ کو محکمہ داخلہ میں قائم کنٹرول روم اور محکمہ بلدیات میں قائم الیکشن سیل کا دورہ کرکے ہفتہ ( آج ) منعقد ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے صورت حال پر بریفنگ لی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد وسیم نے چیف سیکریٹری سندھ کو صوبے بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مذکورہ کنٹرول روم کے ذریعے صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروںکو ہدایت جاری کی جائیں گی ،کنٹرول روم میں مختلف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اعلیٰ حکام سے رابطے کا ایک علیحدہ نظام قائم کیا گیا ہے ، چیف سیکریٹری سندھ کو مزید بتایا گیا کہ یہ کنٹرول روم پولیس ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں، الیکشن کمیشن ، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے رابطے میں ہوگا اور امن و امان کی صورت حال کو مانیٹر کرے گا جبکہ پولیس ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ،کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکے دفاترمیں بھی کنٹرول روم قائم کردیے گئے ہیں۔



بعدازاں چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجاز چوہدری نے محکمہ بلدیات کے الیکشن سیل کا دورہ کیا جہاں پر سیکریٹری بلدیات شاہد پرویز قاضی نے انھیں انتخابات کے موقع پر صفائی ستھرائی سمیت دیگر معاملات سے آگاہ کیا ، سیکریٹری بلدیات نے انھیں بتایا کہ پولنگ عملے سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے تمام احکامات پر مکمل عملدرآمدکیا جارہا ہے جبکہ مذکورہ سیل صوبے بھر کے تمام بلدیاتی اداروںکے حکام سے رابطے میں رہے گا اورکسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ازالے کیلیے اقدامات کریگا۔