کامیاب دورئہ زمبابوے کے بعد سرفراز احمد کی آج واپسی

دیگر کھلاڑی اور آفیشلز دبئی سے مختلف شہروں کے لیے اڑان بھریں گے۔


Sports Reporter July 24, 2018
 دیگر کھلاڑی اور آفیشلز دبئی سے مختلف شہروں کے لیے اڑان بھریں گے۔ فوٹو: فائل

کامیاب دورئہ زمبابوے کے بعد کرکٹرز کی وطن واپسی کا سلسلہ منگل سے شروع ہوگا، کھلاڑی اور آفیشلز دبئی سے مختلف شہروں کیلیے اڑان بھریں گے۔

زمبابوے میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی جیت کے بعد حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی وطن واپس آگئے تھے، بابراعظم، امام الحق، جنید خان اور یاسر شاہ نے ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کیا، زمبابوین ٹیم کو ون ڈے سیریز میں5-0 سے کلین سوئپ کرنے کے بعد قومی کرکٹرز اور آفیشلز گذشتہ روز دبئی پہنچ گئے،منگل سے وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا،کپتان سرفراز احمد شام 5 بجے کراچی آئیں گے۔

حسن علی، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد حفیظ، آصف علی، بولنگ کوچ اظہر محمود، ٹیم منیجر طلعت علی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، میڈیا منیجر عون زیدی، اینالسٹ طلحہ اعجاز، سیکیورٹی افسر کرنل (ر) اعظم خان منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک بج کر 50منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔

شاداب خان، محمد نواز اور عثمان شنواری کی پرواز بدھ کو صبح ساڑھے7 بجے اسلام آباد میں لینڈ کرے گی۔ سیریز کے بہترین کھلاڑی فخر زمان کی پشاور آمد صبح ساڑھے 7 بجے ہو گی، شعیب ملک جمعرات کو صبح 8 بج کر 35 منٹ پر سیالکوٹ پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں محمد حفیظ کے سوا تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو ایکشن میں آنے کا موقع ملا، حارث سہیل بیٹی کی بیماری کے سبب پہلے ہی وطن واپس آگئے تھے۔