ٹینس رینکنگ؛ نڈال اور سیمونا ہالیپ کی بادشاہت برقرار

اسپورٹس ڈیسک / خبر ایجنسی  منگل 24 جولائی 2018
ڈومنیک تھیم نے جون اسنرکو پیچھے دھکیل کر آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی ۔ فوٹو: فائل

ڈومنیک تھیم نے جون اسنرکو پیچھے دھکیل کر آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی ۔ فوٹو: فائل

پیرس:  نئی ٹینس رینکنگ میں مینز اور ویمنز سنگلز میں رافیل نڈال اور سیمونا ہالیپ کی بادشاہت قائم ہے جب کہ ڈومنیک تھیم نے جون اسنر کو پیچھے دھکیل کر آٹھویں پوزیشن پالی۔

نئی رینکنگ میں رافیل نڈال بدستور نمبرون پلیئر ہیں، 17 بار کے گرینڈ سلم فاتح 32 سالہ اسپینش پلیئر کو سوئس حریف راجرفیڈرر پر واضح سبقت حاصل ہے، سربیا کے نووک جوکووک بدستور ٹاپ ٹین کے آخری شریک بنے ہوئے ہیں، جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف نے تیسری پوزیشن سنبھالے رکھی، ارجنٹائن جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کا چوتھا نمبر ہے، ومبلڈن فائنلسٹ جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن نے پانچویں نمبر پر قدم جمائے رکھے۔

بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے گریگور دیمیتروف نے چھٹی پوزیشن کو تھامے رکھا، کروشیا کے مارن کلک حسب سابق ساتویں نمبر پررہے، آسٹریا کے ڈومنیک تھیم نے جون اسنر کو پیچھے دھکیل کر آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا، دراز قامت اسنر کو ایک درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا، نووک جوکووک اس بار بھی دسویں پوزیشن پر براجمان رہے۔

دوسری جانب ویمنز سنگلز رینکنگ میں بھی ٹاپ 10 میں کوئی تغیر رونما نہیں ہوا، رومانیہ سے تعلق رکھنے والی سیمونا ہالیپ بدستور پہلے نمبر پر ہیں، ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاسکی نے دوسری پوزیشن سنبھالے رکھی، امریکی سیاہ فام سلون اسٹیفنز نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمائے رکھا، اینجلیک کیربر اس بار بھی چوتھی پوزیشن پر ہیں جبکہ یوکرین کی الینا سویٹولینا نے پانچویں پوزیشن پر قدم جمائے رکھے۔

فرانس کی کیرولینا گارشیا نے چھٹے نمبر پر اجارہ داری قائم رکھی، اسی طرح سابق ومبلڈن چیمپئن گاربین مگروزا نے بھی ساتویں پوزیشن کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا آٹھویں اوران کی ہموطن کیرولینا پلسکووا نے نویں پوزیشن سنبھالے رکھی، جرمن اسٹار جولیا گوریجس اس بار بھی ٹاپ 10کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔