دورۂ بحرین قومی فٹبال ٹیم نے کامیابی کا ذائقہ چکھ لیا

میزبان الرفاکلب کیخلاف محمد علی کافیصلہ کن گول،ایشین گیمزاورساف کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی، مینجمنٹ


Sports Reporter July 25, 2018
میزبان الرفاکلب کیخلاف محمد علی کافیصلہ کن گول،ایشین گیمزاورساف کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی، مینجمنٹ۔ فوٹو: فائل

ABBOTABAD: پاکستان فٹبال ٹیم نے بحرین کے الرفا کلب کے خلاف1-0سے فتح کا ذائقہ چکھ لیا جب کہ فیصلہ کن گول محمد علی نے کیا۔

تین سالہ کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم نے کھیلوں کے عالمی میدانوں میں ایک بار پھر فتوحات کا سلسہ شروع کردیا ۔پاکستان کو پہلے مرحلے میں انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شیڈول ایشن گیمز کا چیلنج درپیش ہے، ایشیائی ایونٹ18 اگست سے 2 ستمبر تک شیڈول ہے، ایشیائی ایونٹ کے بعد قومی ٹیم وطن واپس آ کر 4 سے 15 ستمبر تک شیڈول ساف کپ میں شرکت کیلیے ڈھاکا روانہ ہو جائے گی۔

دونوں میگا ایونٹس کی تیاریوں کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم چارپریکٹس میچوں کی سیریزکھیلنے کے لیے ان دنوں بحرین میں موجود ہے، کھلاڑیوں میں وسیم اصغر، عدیل علی، یوسف احمد، محسن علی، محمد سہیل، ارسلان علی، محمد عمیر، علی خان، محمد ریاض، احسان اللہ، مہدی حسن، شہباز یونس، محمد عثمان، سعد اللہ، فیصل اقبال، محمد احمد، احمد فہیم، محمد عادل، نوید احمد، محمود خان، ، بلاول الرحمان، یوسف اعجاز، صدام حسین، محمد دانیال، عبداللہ قاضی اور حسن بشیر شامل ہیں۔

جوز انٹونیو نوگیرا، جوز رابرٹو پورٹیلا، محمد حبیب، چوہدری نعمان ابراہیم اور محمد اسلم پر مشتمل کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز بھی ہمراہ ہیں۔پہلے میچ میں گرین شرٹس کو بحرین کے بدھیا کلب کیخلاف 2-1سے شکست کا سامنا رہا تھا، پہلے ہاف میں اسکور 1-1گول سے برابر رہا تاہم کھیل کے آخری لمحات میں میزبان کلب نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچاکر میچ اپنے نام کیا۔

پاکستان کی طرف سے واحد گول ریاض نے کیا۔ دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے ناکامی سے سبق سیکھتے ہوئے بحرین کے الرفا کلب کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی، میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم دفاعی کھلاڑیوں کے غیرمعمولی کھیل سے فاروڈزگیندکوگول پوسٹ کے اندرنہ پھینک سکے۔

دوسری ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری لے جانے کی بھرپورکوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔کھیل کے آخری پانچ منٹ قبل پاکستان ٹیم نے میزبان کلب کیخلاف عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈینجر زون میں لے جانے والی میں کامیابی ہو گئی۔ وہاں پر پہلے سے موجود محمد علی نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر گیند کو بڑی مہارت سے گول پوسٹ کے اندر پھینک کرپاکستان کو 1-0سے کامیابی دلادی۔

پاکستان فٹبال ٹیم 31 جولائی تک اپنے بحرین میں قیام کے دوران میزبان ملک کے کلبوں کے خلاف مزید 2 میچز میں حصہ لے گی۔

ادھر ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ بحرین کے خلاف پریکٹس میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کا فائدہ سیریز کے آئندہ پریکٹس میچز کے دوران ہوگا۔ عہدیداروں کے مطابق ایشین گیمز اور ساف چیمپئن شپ سے قبل کھلاڑیوں کو بحرین کے دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور قومی ٹیم نہ صرف ایشین گیمز بلکہ ساف چیمپئن شپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے گی۔