عوامی تعاون نے پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈے کو مسترد کردیا، ترجمان پاک فوج

ویب ڈیسک  بدھ 25 جولائی 2018
الیکشن کی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران عوام کے تعاون اور محبتوں کے شکر گزار ہیں (ڈی جی آئی ایس پی آر)

الیکشن کی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران عوام کے تعاون اور محبتوں کے شکر گزار ہیں (ڈی جی آئی ایس پی آر)

 راولپنڈی:  ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے الیکشن کے کامیاب انعقاد پر ہم وطنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے آج مسلح افواج کے لیے عوام کے دلوں میں موجود محبت کو اپنی آنکھ سے دیکھ لیا ہوگا۔

میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عوام نے پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا اور پاک فوج کے خلاف گھناؤنے پراپیگنڈے کو مسترد کردیا۔

https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1022109599690833920

پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ فوج کو اپنے عوام کا غیر متزلزل اعتماد حاصل ہے، عوام کی اسی سپورٹ کی وجہ سے ہم مضبوط ہیں، پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی زندگیاں اپنی پاک سرزمین اور اپنے عوام کی جانوں کے حفاظت کے لیے وقف ہیں آج ایک بار پھر پاکستان کی فتح ہو گئی ہے۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا اور عوام کی جانب سے پاک فوج کے لیے محبت کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

واضح رہے کہ آج ملک بھر میں عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ملک کے ہر حصے میں عوام نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ انتخابی عمل کو سیکیورٹی دینے، اسے شفاف اور محفوظ بنانے کے انتظامات پاک فوج کے سپرد کیے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔