الیکشن ڈیوٹی کی انجام دہی پر مامور گاڑی کو حادثہ، 5 فوجی جوان شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 26 جولائی 2018
فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی قربانی دینے سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر۔ فوٹو : فائل

فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی قربانی دینے سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: الیکشن ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران حادثے کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 میں انتخابی سامان کی ترسیل کے بعد واپسی آتے ہوئے گاڑی 250 فٹ گہری کھائی میں گرنے کے باعث 5 نوجوان شہید ہو گئے ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ فرض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی اور قربانی نہیں ہو سکتی۔ وطن کے بیٹوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے شفاف اور پُرامن انعقاد کے لیے نگراں حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے ملک بھر انتخابی سامان کی ترسیل اور پولنگ اسٹیشن میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ساڑھے تین لاکھ جوانوں اور افسروں نے خدمات انجام دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔