تاجروں کا آج شہر کے کاروباری مراکز کھولنے کا اعلان

انتخابی نتائج کے بارے میں قیاس آرائیاں ختم کرکے عوامی فیصلے کو تسلیم کیا جائے


Business Reporter May 13, 2013
مئی میں ہڑتال اور تعطیلات سے 13روز کاروبار بند رہا،جمیل احمد پراچہ

سندھ تاجر اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ 13مئی بروز پیر کراچی کے تمام تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔

سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ کراچی میں صرف مئی کے مہینے میں ہڑتال اور تعطیلات کے سبب 13روز کاروبار بند رہا جس سے معیشت کو اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہر میں بدامنی کے سبب پہلے ہی چھوٹے تاجر فاقہ کشی کا شکار ہیں،انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے انتخابی نتائج کے بارے میں قیاس آرائیاں ختم کرکے عوامی فیصلے کو تسلیم کریں حالیہ انتخابات میں قوم اور صوبے کی بنیاد پر ووٹ ڈالے گئے جس کا حقیقی معنوں میں پاکستان کو نقصان ہوگا۔



انھوں نے کہا کہ کراچی میں بدترین حالات کے باوجود شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس پر کراچی کے شہریوں کا جذبہ قابل تعریف ہے کراچی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے بجائے دھاندلی کا الزام عائد کیا جارہا ہے جو لاکھوں ووٹرز کے جمہوری حق کی توہین ہے پورے ملک کو نظر انداز کرکے صرف کراچی کے مخصوص حلقوں میں دھاندلی کا ڈھول پیٹا جارہا ہے جو کراچی کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے،جمیل احمد پراچہ نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ انتخابی نتائج پر بحث کے بجائے ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کریں کراچی میں آئے روز کی ہڑتال اور احتجاج کا باب ہمیشہ کے لیے بند کیا جائے۔