کراچی میں فائرنگ تشدد ریلی پر حملہ سیاسی و مذہبی کارکنوں سمیت 13 افراد ہلاک

لانڈھی میں 2گروپوں کے مابین مسلح تصادم جاری، راشن ختم ہونے لگا، اورنگی ٹائون میں مٹھائی تقسیم کرنے والا متحدہ کا...


Staff Reporter May 13, 2013
گذری سے 8 سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش ملی، پرانی سبزی منڈی، اورنگی، محمودآباد میں فائرنگ،کورنگی میں ڈھائی سالہ بچہ نشانہ بن گیا. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار اورسیاسی مذہبی کارکنوں سمیت 13 افراد ہلاک اور3خواتین سمیت 15 زخمی ہوگئے۔

لانڈھی 6 نمبر پر 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم اتوار کو تیسرے روز بھی رات گئے تک جاری رہا ، علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے بازار بند رہے، فائرنگ کی زد میں آکر 2 افراد ہلاک اور سابق ایس ایچ او سمیت 5 زخمی ہوگئے، ڈی ایس پی لانڈھی احمد بیگ نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کی زد میں آکر 35 سالہ احسن الحق ولد محمد اسرار اور 32 سالہ محمد وسیم ولد محمد اسلم ہلاک ہوگئے، دونوں علاقے کے ہی رہائشی تھے، مقتول وسیم اینٹی انکروچمنٹ سیل کا سپاہی تھا، زخمیوں میں سابق ایس ایچ او لانڈھی خالد ندیم بیگ، 30 سالہ نوید ولد یوسف، 18 سالہ سیما دختر بشیر، 20 سالہ بلال ولد اللہ وسایا اور 32 سالہ نذر ولد اسحاق شامل ہیں، زخمی بلال متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 83 کا کارکن بتایا جاتا ہے، اطلاعات کے مطابق لانڈھی 6نمبر کے علاقے میں مسلح تصادم کے باعث گھروں میں راشن بھی ختم ہوتا جارہا ہے، لوگوں نے ایکسپریس کے دفتر فون کر کے مدد کی اپیل کی

۔ علاقہ مکینوں نے آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں فوری طور پرامن قائم کیا جائے۔اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 داتا چوک محمد بن ولید مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25 سالہ نوشاد عسکری عرف عادل ولد نسیم عسکری جاں بحق جبکہ28سالہ انیس ولد ماسٹر ادریس اور عبد الجبار زخمی ہو گیا ، پولیس کے مطابق مقتول نوشاد متحدہ قومی موومنٹ اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے یونٹ نمبر119 جبکہ زخمی عبد الجبار یونٹ نمبر126 کا کارکن ہے جبکہ انیس راہگیر ہے ، واقعے کے وقت متحدہ قومی موومنٹ کی انتخابات میں کامیابی پر مٹھائی تقسیم کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ ماڈل کالونی نائن سی بس اسٹاپ کے قریب عوامی ہوٹل کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 18 سالہ عمران ولد حنیف اور 28 سالہ اسحاق ولد حافظ محمد ہلاک جبکہ کامران ولد چوہدری اقبال اور 18 سالہ حمزہ ولد ممتاز سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او ماڈل کالونی مصری خان نے بتایا کہ مسلم لیگ نواز کی ریلی رانا صادق کی سربراہی میں نکالی جا رہی تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی ہلاک و زخمی ہونے والے مسلم لیگ نواز کے کارکن ہیں، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، دکانیں اور دیگر کاروبار بند کر دیا گیا نامعلوم افراد نے شدید فائرنگ کی جس کے باعث علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔ سائٹ بی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر2 مون لائٹ فیکٹری کے قریب سے 22 سالہ پریتم ولد شام جی کی لاش ملی ہے۔ ایس ایچ او سائٹ بی شریف میو نے بتایا کہ مقتول لیاری کمہار واڑہ کا رہائشی تھا ، مقتول کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور 4 موبائل فون ملے ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کسی شخص سے لوٹ مار کر رہا ہوگا جس نے اسے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا یا پھر اس کے اپنے ساتھیوں نے لین دین کے تنازعے قتل کر دیا ہوگا۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب منوں گوٹھ میں ہوٹل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ محمد شفیع ولد نبی بخش ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ او پی آئی بی کالونی آصف منور نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول شفیع ہوٹل پر چائے پی رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی، مقتول کے بھائی پہلے منشیات فروش تھے، مقتول کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، انھوں نے واقعے کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔



نارتھ ناظم آباد میں ٹو کے بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اورنگی ٹائون نمبر ساڑھے 11 شاہ ولایت کالونی کا رہائشی اہلسنت و الجماعت کا کارکن 25 سالہ عبدالواحد ولد عبدالستار ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او تیموریہ اعجاز لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ کورنگی 5 نمبر پر 100کوارٹرز میں رحمانیہ مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے گھر کے اندر ڈھائی سالہ بچہ اعیان ولد عمر ہلاک ہوگیا، واقعے کے بعد زمان ٹائون اور ابراہیم حیدری پولیس حدود کے تنازع پر لڑتی رہی۔ گذری کے علاقے خیابان عباسی میں برساتی نالے سے 8 سالہ حسنین ولد عبدالرزاق کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، مقتول قیوم آباد سی ایریا کا رہائشی تھا اور 9 مئی کو قیوم آباد سے لاپتہ ہوا تھا، گمشدگی کی رپورٹ کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج ہے۔

گلبہار کے علاقے فردوس کالونی لال مسجد کے قریب سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی لاش ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد سر اور چہرے پر گولی مار کر قتل کیا۔ شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سوزکی پک اپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ عقیل ولد رمضان ہلاک ہو گیا مقتول گلبہار کا رہائشی تھا ، پولیس کے مطابق مقتول مضر صحت گٹکا بناتا تھا واقعے کے وقت وہ سوزکی میں گٹکے رکھ کر دکانوں پر سپلائی دے رہا تھا اور فائیو اسٹار چورنگی سے سخی حسن چورنگی کی طرف جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ عزیز آباد کے علاقے حسین آباد میں واقع مومن میڈیکل اسٹور میں فائرنگ سے میڈیکل اسٹور کا ملازم 28 سالہ منصور ولد یعقوب ہلاک ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق مقتول کا میڈیکل اسٹور کے مالک نادر سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس پر نادر نے مشتعل ہو کر فائرنگ کر دی پولیس نے نادر کو گرفتار کر لیا مقتول حسین آباد کا رہائشی تھا۔

اورنگی ٹائون 5 نمبر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ ماہ جبین زوجہ عاطف ریاض زخمی ہوگئی۔ محمود آباد 5 نمبر پر ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران ہوائی فائرنگ سے 20 سالہ شوکت ولد محمد اکبر اور 15 سالہ عادل ولد ذوالفقار زخمی ہوگئے۔ محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ نواز کی کارکن 45سالہ حنیفہ زوجہ مشتاق زخمی ہو گئی۔ اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ ٹاؤن عابد آباد میں ایس ٹو اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 12سالہ محمد حسن ولد محمد منصف زخمی ہوگیا۔لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پرسول، عباسی شہیداور جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سابق ایس ایچ او کو نیشنل اسٹیڈیم پر واقع نجی اسپتال لے جایا گیا۔