ماہور شہزاد نے نیپال میں منعقدہ انٹرنیشنل بیڈمنٹن ایونٹ جیت لیا

بیڈمنٹن ایشیا کنفیڈریشن نے ماہورشہزاد کو ایشین اولمپک پروجیکٹ اے او پی پروگرام کے تحت اولمپک کیلیے منتخب کرلیا


Sports Reporter July 29, 2018
بیڈمنٹن ایشیا کنفیڈریشن نے ماہورشہزاد کو ایشین اولمپک پروجیکٹ اے او پی پروگرام کے تحت اولمپک کیلیے منتخب کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کی نوجوان بیڈمنٹن ٹیم کی کھلاڑی ماہور شہزاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل بیڈمنٹن میں کامیابی اپنے نام کرلی۔

نیپال بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں میزبان نیپال کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے نمائندگی کی، پاکستان کی نوجوان بیڈمنٹن کی کھلاڑی ماہور شہزاد نے میزبان نیپال کی رشیلہ مہارجن کو 21-15 اور 21-10 سے مات دی۔

بیڈمنٹن ایشیا کنفیڈریشن نے ماہورشہزاد کو ایشین اولمپک پروجیکٹ اے او پی پروگرام کے تحت اولمپک کیلیے منتخب کرلیا، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے چوہدری واجد نے کہاکہ فیڈریشن کی کاوشوں سے گراس روٹ کی بنیاد پر بیڈمنٹن کے کھیل کو پروموٹ کیا جارہا ہے، نوجوان بیڈمنٹن کے کھلاڑی خداداد صلاحتیوںکے مالک ہیں۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہاکہ ماہور شہزاد باصلاحیت پلیئر ہیں اور ہمیں ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، امید ہے کہ وہ انٹرنیشنل سرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن ان کی ہرممکن رہنمائی کریگی۔