قائد آباد دھماکے میں استعمال کیے گئے رکشے کا سراغ مل گیا

رکشا5مئی کی دوپہر کو میانوالی کالونی سے اسلحے کے زور پر چھیناگیا تھا


Staff Reporter May 14, 2013
رکشے کے مالک جمیل نے پیرآباد تھانے میں تحریری درخواست جمع کرادی تھی فوٹو اطہر خان / ایکسپریس

قائد آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی دفتر کے باہر کیے جانے والے بم دھماکے میں استعمال کیے جانے والے رکشے کا سراغ لگا لیا گیا۔

مذکورہ رکشا 5 مئی کی دوپہر میانوالی کالونی سے اسلحہ کے زور پر چھین لیا گیا تھا،تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے داؤد چالی کے قریب عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی دفتر کے باہر کیے جانے والے بم دھماکے میں استعمال کیے جانے والے رکشے کا سراغ مل گیا، پولیس ذرائع کے مطابق بم دھماکا رکشا رجسٹریشن نمبر D-90658 میں نصب کر کے کیا گیا تھا اور مذکورہ رکشا مکان نمبر 818 سیکٹر 1-Dعلی گڑھ گلفام آباد اورنگی نمبر ایک کے رہائشی محمد جمیل ولد نور محمد کی ملکیت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مذکورہ رکشا 5 مئی بروز اتوار کو دوپہر پیر آباد تھانے کی حدود میں میانوالی کالونی میں قبا مسجد کے قریب سے اسلحہ کے زور پر مالک چھین لیا گیا تھا، رکشے کے مالک محمد جمیل نے رکشیاچھینے جانے کے ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد پیرآباد تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے تحریری درخواست جمع کرادی تھی تاہم پیر آباد پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے میں احتیاط برتے ہوئے رکشے کے مالک محمد جمیل کو 2 سے 4 روز بعد تھانے آکر ایف آئی آر درج کر وانے کا کہا تھا ۔



انھوں نے بتایا کہ مذکورہ رکشے کے مالک محمد جمیل نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ 5 مئی کے روزنارتھ ناظم آباد شپ اونر کالج کے قریب سے2 افراد میانوالی کالونی جانے کے لیے رکشے میں سوار ہوئے اور کرایہ 150روپے طے ہوا اور جب رکشا سواریوں کی بتائی ہوئی جگہ پر پہنچا ہی تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم ملزمان نے رکشا روک لیا اور سواریوں کے ساتھ مل کر اسلحے کے روز رکشا چھین لیا اور فرار ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق رکشا ڈرائیور محمد جمیل گزشتہ 10سالوں سے رکشا چلا رہا ہے پہلے محمد جمیل کرایہ کا رکشا چلایا کرتا تھا اور 2 سال قبل محمد جمیل نے قرضہ لے کر CNG سازگار رکشا خریدا تھا، واضح رہے کہ ہفتے کی صبح قائد آباد تھانے کی حدود میں داؤ چالی کے قریب عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی دفتر کے قریب رکشا میں کیے جانے والے بم دھماکے میں بچے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 33 افراد زخمی ہو گئے تھے۔