بھارت نے آئی سی سی کو آنکھیں دکھانا شروع کردیں

سیواراماکا معاملہ ایتھک کمیٹی کو بھیجنے پر چیمپئنزٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی.


Sports Desk May 14, 2013
ایشین بلاک کی مکمل حمایت،ایونٹ میں عدم شرکت کانہیں کہا، بھارتی موقف۔ فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو آنکھیں دکھانا شروع کردیں، کرکٹ کمیٹی میں سیواراماکرشنن کے انتخاب کا معاملہ ایتھک کمیٹی کو بھیجنے کی صورت میں چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی۔

آفیشل طور پر فی الحال معاملہ سامنا نہیں لایا جارہا، طاقتور بی سی سی آئی کو ایشین بلاک کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کمیٹی میں سابق بھارتی اسپنر سیواراما کرشنن کے انتخاب کا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے، فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) کی جانب سے ٹم مے کی جگہ سیوا کے انتخاب کا معاملہ ایتھک کمیٹی کو بھجوانے کی درخواست آئی سی سی کو مل چکی جس پر غور کیا جارہا ہے تاہم بھارتی بورڈ نے اس معاملے پر آئی سی سی کو آنکھیں دکھانا شروع کردی ہیں۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خبردار کیاکہ اگر اس نے سیواراما کرشنن کے انتخاب پر ایتھک کمیٹی کو تحقیقات کی ہدایت کی تو وہ اپنی ٹیم آئندہ ماہ شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں نہیں بھیجے گا،بورڈ نے اس معاملے پر کونسل کے کردار پر بھی ناخوشی ظاہر کی۔ اس بارے میں بھارتی بورڈ نے آفیشل طور پر معاملہ ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ بعض آفیشلز نے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی دینے کی تردید بھی کردی ہے۔

اس سارے معاملے میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایشین بلاک کی پوری حمایت حاصل ہو گئی، سری لنکا کے بعد پاکستان نے بھی اس الزام کی تردید کی کہ بھارتی دباؤ پر ٹم مے کو کرکٹ کمیٹی سے باہر کرنے کیلیے کپتانوں کو سیوا کو ووٹ دینے پر مجبور کیا گیا۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بعض پالیسیز پر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا اتفاق ہے، مخالفت کیسے کی جاسکتی ہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے بھی کہا تھا کہ اس پر بھی سیوا کو ووٹ دینے کیلیے کوئی بھارتی دباؤ نہیں تھا،انھوں نے اپنی مرضی سے فیصلہ کیا۔