سندھ بار کے تحت 12مئی کے واقعے پر وکلا نے یوم سیاہ منایا

چیف جسٹس سندھ کی ملیر بار کے صدر اشرف سموں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت.


Staff Reporter May 14, 2013
چیف جسٹس سندھ کی ملیر بار کے صدر اشرف سموں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت. فوٹوـ آن لائن

سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت پیر کو وکلا نے یوم سیاہ منایا اور سانحہ12مئی کے واقعات کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔

جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیرعالم نے اتوار12مئی کو پی ایس 128سے امیدوار اور ملیر بار کے صدر اشرف سموں پر حملے اوران کے گھر کے محاصرے کی اطلاعات پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو انھیں تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، پیر کو سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت 12مئی2007 کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد پر ہونیوالے فسادات کی مذمت کرتے ہوئے قرار داد میں کہا گیا کہ یہ فسادات سابق صدر پرویز مشرف کے ایما پر ہوئے۔



جنرل باڈی اجلاس میں اشرف سموں پر قاتلانہ حملے اوران کے گھر پر حملہ کرکے ان کے بھائی اورکزن کو زخمی کرنے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی گئی، جسٹس مشیرعالم نے بھی اس واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اشرف سموں ایڈووکیٹ اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی، انھوں نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ۔