الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا

ویب ڈیسک  منگل 31 جولائی 2018
30 ہزار ملکی و غیرملکی مبصرین نے مختلف اوقات میں الیکشن کے عمل کا معائنہ کیا، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل: فوٹو: فائل

30 ہزار ملکی و غیرملکی مبصرین نے مختلف اوقات میں الیکشن کے عمل کا معائنہ کیا، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کل جماعتی کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر شفاف اور غیرجانبدارانہ انداز میں ہوئے، امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے گئے، عوام نے آزادانہ ماحول میں حق رائے دہی استعمال کیا اور ووٹر ٹرن آؤٹ 52 فیصد رہا جو گزشتہ انتخابات کی نسبت بہتر تھا، 30 ہزار ملکی غیرملکی مبصرین نے مختلف اوقات میں الیکشن کے عمل کا معائنہ کیا۔

کل جماعتی کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ آیا، الیکشن کمیشن ایسےمطالبے کی سختی سے مذمت کرتا ہے، اگر کسی کو  کوئی شکایت ہے تو آئین میں دیئے گئے طریقے پر عمل کریں۔ الیکشن کمیشن تمام کامیاب اور ہارنے والوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے انتخابی رائے کو ناصرف تسلیم کریں گے بلکہ جمہوری عمل کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔