بریگزٹ کے معاملے پرفرانسیسی صدر اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان ملاقات طے

صدر ایمانوئل میکرون اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان ملاقات 3 اگست کو فرانس کے صدارتی سیاحتی مرکز میں ہو گی


ویب ڈیسک August 01, 2018
فرانسیسی صدر اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان ملاقات صدارتی سیاحتی مرکز میں ہو گی۔ فوٹو : فائل

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے درمیان ملاقات 3 اگست کو ہو گی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے 3 اگست کو سرکاری دورے پر فرانس پہنچیں گی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات رات کے کھانے پر فرانس کے شہر تولوں کے قریب صدارتی سیاحتی مرکز 'فورٹ بریگاں کُون' میں ہوگی۔

فرانسس کے صدر ایمانوئل میکرون اپنے اہل خانہ کے ہمراہ صدارتی سیاحتی مرکز 'فورٹ بریگاں کُون' میں موسم سرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے موجود ہیں جہاں برطانوی وزیراعظم اپنے شوہر کے ہمراہ پہنچیں گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب یہاں کسی دوسرے ملک کے رہنما سے فرانسسی رہنما سے ملاقات ہو گی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے لیے کسی سرکاری ایجنڈے کا بظاہر اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ممکنہ طور پر بریگزٹ کے معاملے کو فوقیت حاصل رہے گی جب کہ شام کی صورت حال اور ایران جوہری معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

قبل ازیں نو منتخب برطانوی وزیر خارجہ جریمی ہنٹ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے گزشتہ روز پیرس میں ملاقات کی تھی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاء کے معاملے پر طویل گفت و شنید ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ برطانوی عوام نے یورپی یونین یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا تاہم برطانوی حکومت کو انخلاء کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔ بریگزٹ سیکرٹری ڈیوڈ ڈیوس 'تھریسا مے پالیسی' پر اختلاف کے باعث مستعفی ہوچکے ہیں اور برطانوی کابینہ بھی اس پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔