سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے کرکٹرز کی فہرست تیار

آرتھر سے مشاورت کے بعد منظوری کیلیے چیئرمین کو پیش کردی جائے گی


Sports Reporter August 02, 2018
احمد شہزاد کا اخراج یقینی، حفیظ کی بی کیٹیگری میں تنزلی کا امکان بڑھ گیا۔ فوٹو: فائل

سینٹرل کنٹریکٹ کیلیے کرکٹرز کی فہرست تیار کرلی گئی جو کہ آسٹریلیا میں موجود ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد منظوری کیلیے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو پیش کردی جائے گی۔

قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی تیاری کیلیے ایک ابتدائی فہرست مرتب کی گئی تھی، گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید اور تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سرجوڑ کر بیٹھے۔

فہرست رخصت پر آسٹریلیا جانے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ارسال کی جارہی ہے، ان سے رائے لینے کے بعد اسے چیئرمین پی سی بی کو منظوری کیلیے بھجوایا جائیگا، ڈوپنگ کیس میں ملوث احمد شہزاد کی چھٹی کر دی جائیگی جب کہ گزشتہ سال نظر انداز کیے جانے والے تنازعات کے بادشاہ عمر اکمل کی اس بار بھی جگہ نہیں بن پائے گی۔

دورئہ زمبابوے میں بیشتر میچز بنچ پر بیٹھ کر دیکھنے والے حفیظ اور وہاب کی تنزلی ہوگی، نوجوان کھلاڑیوں بابر اعظم، فخرزمان، امام الحق، حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان کو ترقی ملے گی، آصف علی، حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان کو بھی پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا، آصف ذاکر، عامر یامین، عمر امین اور بلال آصف کیلیے ڈی کیٹیگری میں جگہ بنانا مشکل ہوگیا۔

کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شعیب ملک، محمد عامر اور یاسر شاہ اے کیٹیگری میں برقرار رہیں گے،پراسرار انجریز سے دوچارعماد وسیم کی بی کیٹیگری میں جگہ خطرے میں ہے،اسی طرح کے مسائل رومان رئیس کے بھی نظر آرہے ہیں۔