آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز یونس کا ستارہ گردش میں آگیا عمر گل بھی ڈراپ

سری لنکا میں ناکامی پر سینئر بیٹسمین کو ’ آرام ‘ کی کڑوی گولی دیدی گئی.


Sports Reporter August 14, 2012
سری لنکا میں ناکامی پر سینئر بیٹسمین کو ’ آرام ‘ کی کڑوی گولی دیدی گئی،تجربہ کار فاسٹ بولر پر جنید خان کو ترجیح، سمیع کی جگہ انورعلی کا انتخاب عمل میں آگیا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے16رکنی اسکواڈکا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کا ستارہ گردش میں آٓنا شروع ہو گیا اور سری لنکا کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد سابق کپتان کو آرام کی غرض سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا، عمر گل بھی قومی اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب نہیں ہو سکے،ان پر پیسر جنید خان کو ترجیح دیدی گئی، آئی لینڈرز کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد فاسٹ بولر محمد سمیع بھی ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ پائے،

ان کی جگہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس دینے والے فاسٹ بولر انور علی کی قسمت جاگی ہے اور انھیں آسٹریلیا کے خلاف صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل گیا ہے، ٹوئنٹی 20 کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو ایک روزہ سیریز میں بھی منتخب کر لیا گیا ہے، انھیں سری لنکن پریمیئر لیگ کے پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا، یاد رہے کہ وکٹ کیپر نے لیگ کے دوران 79 رنز کی شاندار انفرادی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، دورئہ سری لنکا کے بعد ٹیسٹ کرکٹرز کے مخصوص حلقے کا خیال تھا کہ مصباح الحق کو ایک روزہ کرکٹ کو چھوڑ کر اپنی تمام تر توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھنی چاہیے تاہم بورڈ نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے، محمد حفیظ کو گرین شرٹس کے نائب کپتان کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

آل رائونڈر شاہد آفریدی بھی حتمی اسکواڈ کا حصہ ہیں، دورئہ سری لنکا کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت میں شاہد آفریدی نے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا تاہم بعد ازاں چیف سلیکٹر کے کہنے پر انھوں نے اپنا ارادہ تبدیل کردیا، اقبال قاسم کا خیال ہے کہ شاہد آفریدی مزید کچھ برس تک پاکستانی ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ شعیب ملک بھی منتخب ہونے والے خوش نصیب کرکٹرز میں شامل ہوگئے، آل رائونڈر کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی شخصیت کی سفارش پر سابق کپتان کو آل رائونڈرحماد اعظم پر ترجیح دی گئی ہے۔

جنید خان اور سہیل تنویر کو سری لنکا کے خلاف محنت اور اچھی کارکردگی کا صلہ مل گیا ہے اور انھیں کینگروز کے خلاف ایک روزہ اسکواڈ میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارم کرنے والے پیسر انور علی بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں تاہم آل رائونڈر عبدالرزاق اور اوپنر عمران نذیر کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 اسکواڈ میں مجموعی طور پر6 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔عمران نذیر، عبدالرزاق، یاسر عرفات، عمر گل، محمد سمیع اور رضا حسن کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ناصر جمشید، محمد حفیظ، کامران اکمل، عمر اکمل، شعیب ملک، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سعید اجمل اور اسد شفیق سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹیم کے اعلان سے قبل چیف سلیکٹر اقبال قاسم کی زیر صدارت سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حتمی اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا۔ٹیم کو تشکیل دیتے وقت چیف کوچ ڈیو واٹمور کی رائے بھی حاصل کی گئی، اجلاس میں پیسر انور علی کو ٹیم میں واپس لینے پر اتفاق ہوا، کامران اکمل کو سری لنکا میں شاندار فارم دیکھ کر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ہوا، یاد رہے کہ کامران اکمل4 جولائی کو انٹیگریٹی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جہاں سے کلیئرنس ملنے کے بعد انھیں پہلے مرحلے میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف مختصر طرز کی سیریز کے لیے منتخب کیا گیا۔

کامران نے آخری بار ورلڈ کپ 2011 کے سیمی فائنل میں بھارت کیخلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔منتخب16 رکنی اسکواڈ میں کپتان مصباح الحق اور ان کے نائب محمد حفیظ کے علاوہ ناصر جمشید، اظہر علی، اسدشفیق، عمر اکمل، کامران اکمل، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، اعزاز چیمہ، سعید اجمل، عمران فرحت، شعیب ملک، عبدالرحمان، جنید خان اور انورعلی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز 28 اگست سے 3 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ 28 اگست کو شارجہ، دوسرا 31 اگست کو ابوظبی جبکہ تیسرا اور آخری میچ3 ستمبر کو شارجہ میںمنعقد ہوگا۔ سیریز سے قبل قومی ٹیم 25 اگست کو افغانستان کے خلاف بھی ایک ون ڈے میچ کھیلے گی۔