نوازشریف کی سندھ میں ہڑتال کی حمایت افسوسناک ہے بلاول ہاؤس

جنرل ضیا نے بھی سندھ کیخلاف سازش کرنیوالوں کو کیک کے تحفے بھجوائے تھے،اعجازدرانی.


Staff Reporter May 16, 2013
طلبا کے امتحانات کے موقع پرہڑتال کی حمایت کرنے پرجتنا افسوس کیا جائے کم ہے، ترجمان ۔ فوٹو: ایکسپریس

بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کی جانب سے سندھ میں 10 جماعتی اتحاد کی ہڑتال کی حمایت پرسخت افسوس اور دکھ کا اظہارکیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل ہی سندھ میں ملک دشمن عناصر کی حمایت کرکے جنرل ضیا کی روح کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک جانب جنرل ضیا کے فرزند اعلی خودکونوجوانوں کا لیڈر ہونے کا دعوے کر رہے ہیں اور دوسری جانب وہ عین اس وقت ہڑتال کی حمایت کر رہے ہیں۔



جب سندھ کے طلبا و طالبات مختلف تعلیمی اداروں میں اپنے امتحانات دیں گے۔ صوبہ سندھ وفاق کا قلعہ ہے اور پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے۔ جنرل ضیا نے بھی سندھ کے خلاف سازش کرنے والوں کوکیک کے تحفے بھجوائے تھے اورآج میاں برادران ایک مرتبہ پھر جنرل ضیا کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ان کی حمایت کر کے اس تاریخی حقیقت کو واضح کر رہے ہیں کہ ان کے جسموں میں اب تک جنرل ضیا کی روح بھٹک رہی ہے۔ جس پرجتنا بھی افسوس کیاجائے کم ہے۔