انٹربورڈ کی ویب سائٹ بند ہزاروں طلبا پریشان

طلبامعروضی سوالات کاحل شدہ پرچہ ویب سائٹ پردیکھنے سے قاصر ہیں


Staff Reporter May 17, 2013
رات گئے تک بورڈکی ویب سائٹ فعال نہیں ہوسکی تھی اورویب سائٹ کا ہوم پیج بھی نہیں کھل رہا تھا۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی ویب سائٹ شعبہ آئی ٹی کی عدم توجہی کے سبب بند ہوگئی اورانٹرنیٹ پر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا لنک ''www.biek.edu.pk''پرکلک کرنے سے بورڈ کی ویب سائٹ یا اس کا ہوم پیج نہیں کھل رہا۔

جس کے سبب بورڈ کے تحت امتحانات دینے والے ایک لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے اورطلبا معروضی سوالات کاحل شدہ پرچہ ویب سائٹ پردیکھنے سے قاصر ہیں بتایا جا رہا ہے کہ بورڈکے شعبہ آئی ٹی نے جمعرات کو ہونے والے سائنس اورکامرس کے صبح اوردوپہرکے پرچوں میں سے معروضی سوالات کے جوابات ویب سائٹ پر ''اپ لوڈ''کیے۔



تاہم ویب سائٹ کے سرورکی استعدادمیں اضافہ نہیں کیا گیا اوراچانک لاکھوں طلبا نے اپنے معروضی سوالات کے جوابات دیکھنے کے لیے بورڈ کی ویب سائٹ پررجوع کیا توویب سائیٹ کالنک ڈائون ہوگیا اورویب سائیٹ بند ہوگئی رات گئے تک بورڈکی ویب سائٹ فعال نہیں ہوسکی تھی اورویب سائٹ کا ہوم پیج بھی نہیں کھل رہا تھا۔

''ایکسپریس'' کوبڑی تعداد میں انٹرکے طلبہ نے فون کرکے اس صورتحال پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوپہرسے اپنے معروضی سوالات کے جوابات کے لیے ویب سائٹ کھولنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم انٹربورڈکی ویب سائٹ انٹرنیٹ پرموجود ہی نہیں ہے جس کے سبب وہ معروضی سوالات کے صحیح جوابات دیکھنے سے قاصر ہیں۔