ایس ای سی پی نے اپریل میں327 کمپنیاں رجسٹر کیں

بیرونی سرمایہ کاری کی حامل 12 فرمز بھی شامل، 92 فیصد کا بطور پرائیویٹ لمیٹڈ اندراج


Numainda Express May 17, 2013
بیرونی سرمایہ کاری کی حامل 12 فرمز بھی شامل، 92 فیصد کا بطور پرائیویٹ لمیٹڈ اندراج۔ فوٹو : فائل

ایس ای سی پی نے گزشتہ ماہ 327 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جس کے بعد مجموعی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 62 ہزار 203 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق اپریل میں92 فیصد کمپنیوں نے بطور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی، 2 فیصد پبلک لمیٹڈ جبکہ 5 فیصد کمپنیوں نے بطور سنگل ممبر کمپنی رجسٹریشن حاصل کی، اپریل میں 12 ایسی کمپنیاں بھی رجسٹرڈ کی گئیں جن میں کینیڈا، چین، پانامہ، امریکا ، جنوبی کوریا ،یوکرائن اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی۔

بیرونی سرمایہ کاری رکھنے والی ان کمپنیوں نے ٹیلی کمیونیکیشن، ٹریڈنگ، بجلی کی پیداوار، توانائی، سیاحت اور آٹو موبائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی۔ اعلامیے کے مطابق اپریل میں سب سے زیادہ 50 کمپنیاں خدمات کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں۔



جبکہ 45 کمپنیاں سیاحت، 38 ٹریڈنگ، 30 انفارمیشن ٹیکنالوجی، 12کمیونیکیشن، 10 بینکنگ وفنانس، 15 تعمیرات اور 15براڈکاسٹنگ وٹیلی کاسٹنگ کے شعبے میںرجسٹرڈ ہوئیں، سب سے زیادہ رجسٹریشن لاہورمیں ہوئی جہاں اپریل میں 103 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ اسلام آبادمیں94 اور کراچی میں 74، پشاور میں 21، ملتان میں 13، فیصل آباد میں11، کوئٹہ میں 8 اور کمپنی رجسٹریشن آفس سکھر میں 3 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

گزشتہ ماہ 84 کمپنیوں کی جانب سے غیرادا شدہ سرمائے میں اضافے کی درخواستوں کو منظور کیا گیا اور مجموعی طور پر 32 ارب 11 کروڑ روپے تک کے اضافے کی منظوری دی گئی، 96 کمپنیوں نے ادا شدہ سرمائے کی حد میں اضافے کی درخواستیں دیں اور ان کمپنیوں کے کل ادا شدہ سرمائے میں 9 ارب 4 کروڑ روپے کا اضافہ منظور کیا گیا۔