فریئر ہال کو اس کی اصل صورت میں بحال کیا جائیگا گورنر
ماسٹر پلان بنایا جائے،عشرت االعباد کا بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ سے خطاب
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے فریئر ہال کو اس کی اصل صورت میں بحال کرنے کے لیے ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ فن تعمیراور ثقافت سے کسی بھی قوم کے مزاج اور اقدار کا پتہ لگتا ہے، نسلوں تک قوموں کی تاریخ فن و ثقافت اور تعمیراتی مہارت کے ذریعے ہی منتقل ہوتی ہے یہ بات انھوں نے گورنر ہاؤس میں فریئر ہال کراچی کو محفوظ بنانے کے حوالے سے بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، گورنر سندھ نے کہا کہ فریئر ہال کے ساتھ ساتھ اس کے ارد گرد کی تمام عمارتوں کو بھی محفوظ بنایا جائے۔

گورنر سندھ نے فوری طور پر شہر کے معروف آرکیٹکچر اور میڈیا اور بزنس سے تعلق رکھنے والے افراد کی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو دن رات کام کریگی، تین روز میں تجاویز تیار کرے گی،اجلاس میں شریک شرکا نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ فریئر ہال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کمرشل تعمیرات پر پابندی عائد کردی جائے،فریئر ہال کی تزئین و آرائش کرتے ہوئے اس بات کو بھی مدنظر رکھا جائے کہ یہ ایک ایسی جگہ بن کر ابھرے جس سے ہر آنے والا کچھ نہ کچھ اس سے استفادہ حاصل کرے۔