سیاسی جماعتوں کے دھرنوں کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک جام

ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں،کئی گاڑیوں کا ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دہری مشکلات کا سامنا


Staff Reporter May 17, 2013
شہر میں سیاسی جماعتوں کے دھرنوں کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ،سیکڑوں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

DUBAI: شہر کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے دیے جانیوالے احتجاجی دھرنوں کے باعث جمعرات کو شہر کی اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا ، ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں جبکہ کئی گاڑیوں کا ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہر کے مختلف علاقوں شارع فیصل ، تین تلوار ، گلستان جوہر ملینیئم مال راشد منہاس روڈ اور نیشنل ہائی وے پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

جس میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،شہر کی اہم ترین شاہراہوں پر کیے جانیوالے احتجاج نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جبکہ بدترین ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں اور راستہ مانگنے کیلیے ان کے ایمرجنسی سائرن مسلسل بجتے رہے۔



تاہم ٹریفک اس حد تک بے ہنگم جام تھا کہ ایمبولینسوں کو بھی راستہ ملنے میں کئی گھنٹے لگ گئے متذکرہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کے باعث ان شاہراہوں سے ملحقہ دیگر علاقوں سے نکلنے کی کوشش کی جس کے باعث ان علاقوں جس میں ڈالمیا ، حسن اسکوائر ، اسٹیڈیم روڈ ، سوک سینٹر یونیورسٹی روڈ ، راشد منہاس روڈ ، جوہر موڑ ، ڈرگ روڈ ، ٹیپو سلطان ، نرسری ، ایف ٹی سی اور سندھی مسلم سوسائٹی سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور ان علاقوں میں بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں دکھائی دیں ، بدترین ٹریفک جام کے دوران کئی گاڑیوں میں ایندھن ختم ہوگیا۔

جس کی وجہ سے شہریوں کو دہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ گاڑیوں کو دھکا لگاتے ہوئے بھی دکھائی دیے ، نیشنل ہائی وے پر بھی سیاسی جماعت کے کارکنان کے احتجاجی دھرنے سے شارع پر ٹریفک معطل ہوگیا اور اندرون ملک سے آنے اور جانیوالی گاڑیوں کے علاوہ دیگر چھوٹی گاڑیاں بھی بدترین ٹریفک جام میں پھنس گئیں ، شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے ہونیوالے بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ شہر میں قانون نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی۔

جس کا جب دل چاہتا ہے وہ شہر کی کسی بھی اہم شاہراہ پر دھرنا دے دیتا ہے اور اس کا خمیازہ شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی صورت میں برداشت کرنا پڑ رہا ہے ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک جام کی صورت میں ٹریفک پولیس کو بھی متحرک رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔