الیکشن فری تھے لیکن فیئر نہیں ہوئےرہنما پیپلزپارٹی

فنکشنل لیگ چورمچائے شور والا کام کررہی ہے ، شازیہ مری ، تاج حیدر ، این ڈی خان


Staff Reporter May 17, 2013
پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدرپریس کانفرنس کررہے ہیں،شازیہ مری، این ڈی خان بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ الیکشن فری تھے لیکن فیئر نہیں ہوئے انتخابات میں ملکی اداروں کی جانب سے ووٹرز کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ۔

مسلم لیگ فنکشنل چور مچائے شور والا کام کر رہی ہے،الیکشن کمیشن این اے 235 کے 26 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرائے ،وہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں،ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر ، پروفیسر این ڈی خان ، حبیب الدین جنیدی اور دیگر بھی موجود تھے،شازیہ عطا مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سانگھڑ کے حلقہ این اے 235 میں انھیں ٹکٹ دے کر لبرل سوچ کی عکاسی کی ہے۔



این اے 235 میں مسلم لیگ فنکشنل نے انتہا کی دھاندلی کی اور بعد میں خود ہی شور مچانا شروع کر دیا،انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن دھرنوں پر ایکشن لینے کے بجائے ہماری درخواستوں پر غور کرے الیکشن کمیشن یہ نہ کہے کہ انھوں نے فری فیئر الیکشن کرائے ہیں الیکشن فری تھے لیکن فیئر نہیں تھے۔

تاج حیدر نے کہا کہ عوام کا انتخابات میں بھرپور حصہ لینا جمہوریت کی فتح ہے، سندھ میں 80 نشستیں حاصل کیں جوروز بہ روز کم ہوتی جا رہی ہیں،اسٹیبلشمنٹ ہماری اکثریت کو کم کر رہی ہے ،نادرا کے پاس ٹیکنالوجی موجود ہے الیکشن کمیشن وہاں سے تھم کی تصدیق کرائے اور دھاندلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ، انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر جسٹس ( ر ) روشن علی عیسانی سندھ کے ممبر ہونے کے باوجود کراچی میںموجود نہیں ہیں۔