اقتصادی مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

ادائیگیوں کے توازن میں بڑھتے ہوئے خسارے کو کم کرنے کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے گا


Irshad Ansari August 08, 2018
19 اگست کو بین الوزارتی اجلاس بلاکر سفارشات پر غور،ادائیگیوں کے توازن میں بڑھتے ہوئے خسارے کو کم کرنے کے لیے بھی جامع پلان تیار کیا جائے گا

وفاقی حکومت نے ملک کو درپیش اقتصادی و مالی مسائل کے حل اور ادائیگیوں کے توازن کو متوازن بنانے کے لیے جامع حکمت عملی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 19 اگست کو بین الوزارتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ 19 اگست کو ہونے والے بین الوزارتی اجلاس میں ملک کو درپیش اقتصادی و مالی مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے لیے تمام متعلقہ وزارتیں اپنی سفارشات پیش کریں گی جن کا جائزہ لے کر حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ادائیگیوں کے توازن میں بڑھتے ہوئے خسارے کو کم کرنے کے لیے بھی جامع پلان تیار کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلان کا ابتدائی مسودہ تیار کرکے متعلقہ وزارتوں و ڈویژنوں کو بھجوایا جاچکا ہے اور اُنیس اگست کو ہونیوالے اجلاس میں اس مسودے پر بھی غور ہوگا جس میں ادائیگیوں کے توازن میں بہتری لانے کے لیے قلیل المیعاد اور طویل المیعاد اقدامات تجویز کیے جائیں گے اوردرآمدی بل میں کمی کیلیے فوری نوعیت کے اقدامات اٹھانے پر بھی غور ہوگا جس میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی اشیا کی درآمد کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ غیر ضروری اشیا کی درآمدات کو روکا جائے گا۔

اس کے علاوہ قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ڈیبٹ مینجمنٹ اسٹریٹجی پر بھی غور ہوگا اور رواں مالی سال کے دوران قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے صورتحال پر غور ہوگا۔ علاوہ ازیں زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر کی صورتحال پر بھی غور ہوگا جبکہ اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا لینے کے ساتھ ساتھ مالی کفایت شعاری کی پالیسی پر بھی غور ہوگا۔