بی این پی نے وفاق میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کردی 6 نکاتی معاہدے پر دستخط

پہلی مرتبہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا6نکاتی تحریری معاہدہ ہوا ہے، سرداراختر جان مینگل


Numainda Express August 09, 2018
پہلی مرتبہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا6نکاتی تحریری معاہدہ ہوا ہے، سرداراختر جان مینگل۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت کی مکمل حمایت کردی اور دونوں جماعتوں کے درمیان6 نکاتی معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

بی این پی اور پی ٹی آئی کے درمیان معاہدے کے تحت بی این پی مرکز میں تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر کی حمایت کرے گی،اس بات کا اعلان تحریک انصاف پاکستان کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سرداراختر جان مینگل نے بدھ کی رات مینگل ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ،بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند،تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نصیب مری ، عمر جمالی ،بابر خان موسیٰ خیل،مبین احمد،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری و سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ،مرکزی سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ارکان اسمبلی اختر حسین لانگو، بابو رحیم مینگل ، ثنا بلوچ ،احمد نواز ،ساجد ترین ایڈووکیٹ،سابق رکن صوبائی اسمبلی اکبر مینگل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

سرداراختر جان مینگل نے کہا کہ ہمارے ساتھ70سال سے جو وعدے کئے جاتے رہے ہیں اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ پہلی مرتبہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا6نکاتی تحریری معاہدہ ہوا ہے جس میں سرفہرست لاپتہ افراد کی بازیابی ،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ،وفاق میں بلوچستان کا ملازمتوں کا کوٹا ،افغان مہاجرین کے مسئلے کو فوری حل کرناشامل ہے اس کے علاوہ دیگر مسائل پر بھی بات ہوئی ہے اور تحریری معاہدہ ہوگیا ہے امید ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزارت اعلیٰ کیلیے کوئی اختلافات نہیں ہیں، عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور خیبر پختونخوا میں انہوں نے جس کو بھی وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے اس پر عملدرآمد ہوگا۔

مقبول خبریں