اسلام آباد جاوید ہاشمی کی خالی نشست ن لیگ کو ملنے کاامکان

تحریک انصاف کے صدرونومنتخب رکن قومی اسمبلی کا این اے48 چھوڑنے کا فیصلہ.


APP May 18, 2013
جاویدہاشمی کے73692کے مقابلے میں ن لیگ کے انجم عقیل نے52170ووٹ لیے تھے۔ فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے48 پر کامیاب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن جاویدہاشمی کی جانب سے اس نشست کو چھوڑنے کی صورت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد کے حلقہ این اے48 سے11مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں50امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مخدوم جاویدہاشمی نے73692 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار انجم عقیل خان 52170ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن پررہے تھے اور جماعت اسلامی کے امیدوار میاں اسلم25010 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پرآئے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی نے این اے48کی نشست کو چھوڑنے کافیصلہ کیاہے جس کے بعد اس حلقے پر ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو یہ نشست دوبارہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔