پی ٹی آئی نے نوجوانوں کواسپورٹس مین اسپرٹ نہیں سکھائی زعیم قادری

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ شفاف الیکشن ہوئے، دھاندلی میں حکومتی مشینری ملوث نہیں تھی.


Monitoring Desk May 18, 2013
جس جگہ پر بے ضابطی ہوئی ہے وہاں تحقیقات ہونی چاہیے،محمود الرشید،بات سے بات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ الیکشن2013 میں دھاندلی کی شکایات سامنے آرہی ہیں لیکن ان سب شکایتوں کا محور مسلم لیگ ن نہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا شفاف الیکشن ہوا ہے جس میں بہت بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے گئے، ملکی وغیر ملکی میڈیا موجود تھا۔

ایکسپریس نیو زکے پروگرام ''بات سے بات'' میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میں یہ نہیں کہتا کہ دھاندلی ہوئی یانہیں ہوئی مگر یہ ضرور کہتا ہوں کہ کسی بھی جگہ پر دھاندلی میں حکومتی مشینری ملوث نہیں تھی جیسا کہ پہلے کے انتخابات میں دیکھا گیا ہے۔ہار جیت ایک حقیقت ہے لیکن احتجاج کرنے والے ظاہر یہ کررہے ہیں کہ اگر ہم نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے تو انھوں نے ہی جیتنا تھا پی ٹی آئی نوجوانوں کو خراب کررہی ہے انھوں نے انہیں سپورٹس مین سپرٹ نہیں سکھائی، ہم بھی کئی حلقے ہیں جہاں پر احتجاج کرسکتے ہیں لیکن ہم نے کچھ نہیں کیا یہ احتجاج کریں ان کا حق ہے لیکن ایسا طریقہ اختیار نہ کریں جس سے دوسروں کے بنیادی حقوق مجروح نہ ہوں،میٹروبس سروس منصوبے کے بارے میں اگر کوئی شک وشبہات ہیں تو پبلک اکائونٹس کمیٹی میں طلب کرلیں ہم کون سے بھاگ رہے ہیں۔



تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ چاروں صوبوں سے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات سامنے آرہی ہیں عوام جس قسم کا شفاف اور منصفانہ الیکشن چاہتی تھی حکومت ویسا الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہے، اجتماعی طورپر دھاندلی نہیں ہوئی ہوگی لیکن انفرادی طورپر دھاندلی کی بیشمار مثالیں موجود ہیں، ہمارا موقف ہے کہ جس بھی جگہ پر جہاں پر بھی کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے وہاں پر تحقیقات ہونی چاہیے چاہے اس جگہ سے پی ٹی آئی کا امیدوار ہی کیوں نہ جیتا ہو، میٹروبس سروس کے لیے ٹینڈرز طلب نہیں کیے گئے اور نہ ہی کوئی قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں